زبُور ۷۶

زبور ۷۶ :‏ انسان کا غضب تیری ستائش کا باعث ہو گا

۷۰۱ ق۔م میں سنحیرب کی قیادت میں اسوری فوجوں نے یروشلیم کو برباد کرنے کے لئے دھمکی دی۔ لیکن اُن کے شہر کے قریب پہنچنے سے قبل‏، رات کے وقت خداوند کا فرشتہ اُن کی لشکرگاہ میں آیا اور ۰۰۰‏،۱۸۵ سپاہیوں کو مار دیا۔

اگر ہم زبور ۷۶ کا اِس تواریخی پس منظر میں جائزہ لیں تو اِس کو نئے اور دلچسپ انداز میں دیکھیں گے۔

۷۶:‏۱ خدا یہوداہ میں مشہور ہے کیونکہ اُس نے اُس فوج کو شکست دی جو شہر اور مَقدِس کے لئے خطرہ تھی۔ قوم کی تاریخ میں اِس ناقابلِ فراموش باب کی وجہ سے اُس کا نام اسرائیل میں بزرگ ہے۔

۷۶:‏ ۲۔۴ اُس نے یروشلیم کو اپنا دارالحکومت اور سلامتی کا شہر بنا دیا اور کوہِ صیون کو اپنا مسکن مقرر کیا۔ یہاں پر اُس نے دشمن کے ہتھیاروں یعنی چمک دار تیروں‏، ڈھالوں‏، جنگی تلواروں اور تمام دیگر سامانِ جنگ کو توڑ ڈالا۔ 

پہاڑ پر بسا ہوا یہ شہر‏، شکار کے پہاڑوں کی نسبت زیادہ پُرشکوہ ہے یعنی اُن غیرقوم حکومتوں کی نسبت جنہوں نے اُسے لوٹا ہے۔ اِس کا یہ مطلب ہے کہ یروشلیم کا خدا ہر اُس حکومت سے پُرشکوہ ہے جو یہوداہ کے خلاف ہاتھ اُٹھائے۔

۷۶:‏ ۵‏،۶ یہ حقیقت اسوری فوجوں کے ساتھ سلوک سے ظاہر ہو گئی۔ مضبوط دل جنگجو سپاہیوں نے اچانک ہتھیار ڈال دیئے۔ ایک لمحہ میں وہ بے بس ہو گئے۔ یعقوب کے خدا کی ایک جھڑکی سے سواروں اور گھوڑوں پر موت کی نیند طاری ہو گئی۔

۷۶:‏ ۷۔۹ وہ کیسا عظیم خدا ہے اور اُس سے کس قدر ڈرنا چاہئے! ایک بار جب اُس کا قہر بھڑک اُٹھے تو ہر طرح کی مخالفت بے معنی ہے۔ جونہی وہ آسمان سے فیصلہ سناتا ہے‏، زمین کانپتی اور چپ ہو جاتی ہے جیسے طوفان سے قبل سکوت ہوتا ہے۔ تب خدا زمین کی غلطیوں کو درست کرنے کے لئے اُٹھتا ہے اور مظلوموں کو رہائی بخشتا ہے۔

۷۶:‏ ۱۰ خدا نہایت خوبصورت انداز میں انسان کے غضب کو اپنی ستائش کا باعث بنا لیتا ہے۔ اور جو اُس کی ستائش نہیں کرتا وہ اُسے فاتح جرنیل کی تلوار کی طرح اپنی کمر کے ساتھ لٹکاتا ہے۔

۷۶:‏ ۱۱ الف خداوند کے اِس بے بیان جلال اور حشمت کے پیش نظر بنی یہوداہ کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ خداوند اپنے خدا کے حضور منتیں مانیں اور اُنہیں پورا کریں۔

۷۶:‏ ۱۱ ب اِس کے بعد اسرائیل کے ارد گرد غیرقوموں کو نصیحت کی گئی ہے کہ وہ عظیم حکمرانوں کے حضور خراج کے طور پر ہدیئے لائیں‏، یعنی اُس قادرِ مطلق کے حضور جو زمین کے اُمرا کو ختم کر سکتا ہے اور بہت زیادہ زور آور حکمرانوں کو ہولناک واقعات سے دوچار کر سکتا ہے۔

مقدس کتاب

۱ خُدا یُہو داہ میں مشہو ُر ہے ۔ اُسکا نام اِسر ائیل میں بزُرگ ہے ۔
۲ سالم میں اُسکا خیمہ ۔ اور صِیون اُس کا مسکن ۔
۳ وہاں اُس نے برِق کمان کو اور ڈھال اور تلوار اور سامان ِ جنگ کو توڑ ڈالا۔
۴ تُو جلالی ہے اور شِکار کے پہاڑوں سے شاندار ہے۔
۵ مضبوُط دِل لُٹ گئے۔وہ گہری نیند میں پڑے ہیں۔اور زبردست لوگوں میں سے کسی کا ہاتھ کام نہیں آیا ۔
۶ اَے یعقُؔوب کے خُدا! تیری جھڑکی سے رتھ گھوڑے دونوں پر موت کی نیند طاری ہے۔
۷ فقط تجھ سے ڈرنا چاہیئے اور تیرے قہر کے وقت کَون تیرے حضور کھڑا رہ سکتا ہے؟
۸ تُو نے آسمان پر سے فیصلہ سُنایا۔ زمین ڈر کر چُپ ہو گئی ۔
۹ جب خُدا عدالت کرنے کو اُٹھا تاکہ زمین کے سب حلیموں کو بچا لے ۔
۱۰ بے شک اِنسان کا غضب تیری ستایش کا باعث ہو گا اور تُو غضب کے بقیہّ سے کمر بستہ ہو گا۔
۱۱ خُداوند اپنے خُدا کے لئے منّت مانو اور پوری کرو اور سب جو اُس کے گِرد ہیں وہ اُسی کے لئے جِس سے ڈرنا واجب ہے ہدئے لائیں۔
۱۲ وہ اُمرا کی روح کو قبض کریگا۔ وہ زمین کے بادشاہوں کے لئے مُہیب ہے۔