زبور ۴۷ : نیا سال مبارک
فرض کریں کہ یہ زبور مسیح کے سنہری دَور کے پہلے سال گایا جا رہا ہے۔
۴۷: ۱۔۴ جونہی زبور کا آغاز ہوتا ہے تو سامعین محسوس کرتے ہیں کہ غیراقوام میں جو حالیہ عالمی مصیبت میں سے بچ نکلے ہیں، اُنہیں دعوت دی جا رہی ہے کہ وہ تالیاں بجائیں اور بلند آواز سے خوشی کے گیتوں سے خدا کے لئے للکاریں۔ جب گانے والے اِن الفاظ پر پہنچتے ہیں کہ ’’کیونکہ خداوند تعالیٰ مہیب ہے‘‘ تو لوگ غیرارادی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اُنہیں خداوند یسوع مسیح کی حالیہ تاج پوشی یاد آتی ہے، جب یہ اعلانِ عام کیا گیا ’’وہ تمام روئے زمین کا شہنشاہ ہے۔‘‘ شکرگزاری کا احساس اُبھر آتا ہے جب لوگ اِس بات کو یاد کرتے ہیں کہ اُس نے کیسے قوموں کو ہمارے قدموں تلے کر دیا، یعنی یہ وہ قومیں تھیں جو ہماری مصیبت کے وقت اسرائیل کی دشمن تھیں۔ جب لوگ یہ آیات گاتے ہیں تو خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے:
’’وہ ہمارے لئے ہماری میراث کو چنے گا
جو اُس کے محبوب یعقوب کی حشمت ہے۔‘‘
۴۷: ۵ مسیح جو جنگی مرد کی حیثیت سے اِس دُنیا میں اپنے دشمنوں کو مطیع کرنے کے لئے آیا تھا، اب وہ یروشلیم میں اپنے تخت پر صعود فرما چکا ہے اور اُس کے لوگوں نے پُرمسرت نعروں اور نرسنگوں سے اُس کی شاندار فتح کا اعلان کرتے ہوئے اُس کا استقبال کیا ہے۔
۴۷: ۶،۷ یہ بہت دل گداز لمحہ ہے جب کوائر اسرائیل کو دعوت دیتی ہے کہ’’خدا کی مدح سرائی کرو … ہمارے بادشاہ کی مدح سرائی کرو۔‘‘ اب اِس بات کو تسلیم کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ نہیں کہ یسوع بادشاہ خدا ہے اور جن ہاتھوں کو کوہِ کلوری پر چھیدا گیا تھا، اب عالمی سطح پر عنانِ حکومت سنبھالے ہوئے ہیں۔ ہر شخص محسوس کرتا ہے کہ یہ زبور ہر لحاظ سے مسیح پر فٹ بیٹھتا ہے۔
۴۷: ۸ کوائر بار بار مسیح بادشاہ کی الوہیت پر زور دیتی ہے۔ وہ اب قوموں پر سلطنت کرتا ہے اور اُس کا تخت پاکیزگی پر قائم کیا گیا ہے۔
۴۷: ۹ ’’اُمتوں کے سردار اکٹھے ہوئے ہیں۔‘‘ ماضی میں اکثر اوقات سردار اکٹھے ہوئے کہ اسرائیل کو سمندر میں دھکیل دیں۔ لیکن اب وہ ابرہام کی اُمت کی حیثیت سے اکٹھے ہو رہے ہیں۔ وہ اِسرائیلیوں کے ساتھ مل کر بادشاہوں کے بادشاہ اور خداوندوں کے خدا کے حضور خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
’’زمین کی سپریں‘‘، اِن سے مراد حکمران ہیں جنہیں قوموں کی محافظت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔ اب وہ سب خدا کی ہیں۔ خدا نہایت بلند ہے، وہ زمین کے تمام حکمرانوں سے بڑا ہے۔
مقدس کتاب
۱ اَے سب اُمتو! تالیاں بجاؤ۔ خُدا کے لئے خُوشی کی آواز سے للکارو۔
۲ کیونکہ خُداوند تعالٰی مُہیب ہے۔وہ تمام رُویِ زمین کا شہنشاہ ہے۔
۳ وہ اُمتوں کو ہمارے سامنے زیر کرے گا۔اور قومیں ہمارے قدموں تلے ہو جائینگی
۴ وہ ہمارے لئے ہماری میِراث کو چُنے گا ۔ جو اُس کے محبوب یعقُوب کی حشمت ہے۔
۵ خُدا نے بلند آواز کے ساتھ ۔ خُداوند نے نرسِنگے کی آواز کے ساتھ صعود فرمایا۔
۶ مداح سرائی کرو۔ خُدا کی مداح سرائی کرو۔ مداح سرائی کرو۔ ہمارے بادشاہ کی مداح سرائی کرو۔
۷ کیونکہ خُدا ساری زمین کا بادشاہ ہے۔ عقل سے مداح سرائی کرو۔
۸ خُدا قوموں پر سلطنت کرتا ہے ۔ خُدا اپنےمُقدس تخت پر بیٹھا ہے ۔
۹ اُمتوں کے سردار آکٹھے ہوئے ہیں۔ تاکہ ابرہام کے خُدا کی اُمت بن جائیں ۔ کیونکہ زمین کی سپِریں خُدا کی ہیں۔ وہ نہایت بلند ہے۔