زبُور ۶۲

زبور ۶۲:‏ صرف اور صرف خدا

زبور ۶۲ کا پیغام یہ ہے کہ صرف خدا ہی حقیقی پناہ گاہ ہے۔ ’وہی‘ اور ’اکیلا‘ کے الفاظ کے بار بار ذکر سے اِس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ اُس کا حق ہے کہ ہم صرف اور صرف اُسی پر بھروسا رکھیں۔

اُسے درج ذیل خوبصورت طریقوں سے پیش کیا گیا ہے:‏ 

  • ہماری نجات کا منبع (‏آیات ۱ ب‏، ۲ الف‏، ۶ الف‏، ۷ الف)‏
  • ہماری چٹان (‏آیات ۲ الف‏، ۶ الف‏، ۷ ب)‏
  • ہمارا بُرج (‏آیات ۲ ج‏، ۶ ج)‏۔
  • ہماری آس کی بنیاد (‏آیت ۵ ب)‏
  • ہماری شوکت (‏آیت ۷ الف)‏
  • ہماری پناہ (‏آیات ۷ ب‏، ۸ ب)‏
  • قدرت کا منبع (‏آیت ۱۱ ب)‏
  • شفقت کا منبع (‏آیت ۱۲ الف)‏

جو شخص خدا کو اپنی قوت اور اعتماد کا منبع بناتا ہے‏، اُس کے اعتقاد کے درج ذیل نتائج ہوں گے:‏ اُسے زیادہ جنبش نہ ہو گی۔ (‏آیت ۲ ب)‏

  • اُسے اپنے دشمنوں کو ملامت کرنے کے لئے دلیری ہو گی۔ (‏آیت۳)‏
  • وہ اُن کے منصوبوں کو جان لے گا۔ (‏آیت ۴)‏
  • اُسے جنبش نہ ہو گی۔ (‏آیت ۶ ب)‏
  • اُس کی خواہش ہو گی کہ دوسرے لوگ بھی خدا پر 
  • توکل کرنے کی خوشی حاصل کریں۔ (‏آیت ۸)‏ 

دیگر پانچ ایسے امور ہیں جن پر لوگ اکثر بھروسا رکھتے ہیں‏، لیکن جن سے وہ یقیناًمایوس ہو جائیں گے۔

  1. ادنیٰ لوگ یعنی عام لوگ جو بخارات کی طرح ناپائیدار ہیں۔
  2. اعلیٰ آدمی خواہ وہ حکمران ہوں یا دولت مند لوگ‏، محض فریبِ نظر ہیں کیونکہ معلومہوتا ہے کہ وہ مدد اور تحفظ فراہم کریں گے جبکہ درحقیقت وہ قابلِ اعتبار نہیں ہیں۔اعلیٰ لوگوں کو ترازو میں تولیں تو جہاں تک اُن پر اعتماد کا تعلق ہے‏، وہ ہلکے ہیں۔
  3. ظلم ایک احمقانہ طریقہ ہے اور اِس پر بھروسا نہیں کیا جا سکتا۔ اِس پر خدا کی لعنتہوتی ہے۔
  4. ممکن ہے کہ لوٹ مار اقتدار و امارت کے لئے آسان راستہ ہو‏، لیکن ناجائز طریقوںسے اکٹھی کی ہوئی دولت پر خدا کی سزا ہوتی ہے۔
  5. لیکن دیانت داری سے حاصل کی ہوئی دولت پر بھی اِس قدر دل نہ لگایا جائے کہ یہخداوند کی جگہ لے لے۔ایف۔بی۔ مائر نے لکھا:‏ ’’کتنی دفعہ ہم نے دولت اور لوگوں سے مدد کی بے سود توقع رکھی۔۔ لیکن خدا نے ہمیں کبھی مایوس نہیں کیا۔‘‘

عین ممکن ہے کہ ابی سلوم کی بغاوت نے اِس زبور کے لئے تحریک دی ہو۔ باغی داؤد کو کچل دینا چاہتے تھے‏، گویا کہ وہ جھکی ہوئی دیوار اور ہلتی باڑ ہو۔ اُن کا یہ نصب العین تھا کہ اُسے اُس کے مرتبے سے گرا دیں‏، یعنی اُسے تخت سے معزول کر دیں۔ بظاہر وہ وفاداری کا اظہار کر رہے تھے جب کہ چپکے سے وہ سازش کر رہے تھے۔ جلاوطن بادشاہ اپنی وفادار رعایا کو تاکید کرتا ہے کہ وہ خداوند پر اعتماد رکھیں۔ اُس کے دشمن‏، انسان اور دولت پر تکیہ کر رہے تھے‏، لیکن یہ دونوں اُنہیں مخلصی نہیں دلا سکتے تھے۔ اُس کا اپنا توکل خداوند پر تھا۔ خداوند نے اُسے بار بار یقین دلایا تھا کہ وہی قدرت اور شفقت کی بنیاد ہے۔ اُس کی قدرت وفادار کو مخلصی دلاتی اور اُس کے دشمنوں کو سزا دیتی ہے جبکہ اُس کی شفقت اُس کے لوگوں کو تسلی اور برکت دیتی ہے۔ وہ سب جو اُس کے فضل کا انکار کرتے ہیں‏، سزا کے حق دار ہوں گے۔

اِس زبور پر جان ڈنز کے تاثرات یاد رکھنے کے قابل ہیں:‏

وہ میری چٹان‏، میری نجات ‏، میرا بُرج‏، میری پناہ اور میری شوکت ہے۔
اگر وہ میری پناہ ہے توکون سا ایسا دشمن ہے جو میرا پیچھا کر سکتا ہے؟
اگر وہ میرا بُرج ہے تو کون سی آزمائش مجھے پریشان کر سکتی ہے؟
اگر وہ میری چٹان ہے تو کون سا طوفان مجھے ہلا سکتا ہے؟
اگر وہ میری نجات ہے تو کون سا غم مجھے پریشان کر سکتا ہے؟
اگر وہ میری شوکت ہے تو کون سا بہتان مجھے رُسوا کر سکتا ہے؟

مقدس کتاب

۱ میری جان کو خُدا ہی کی آس ہے۔میری نِجات اُسی سے ہے۔
۲ وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔ وہی میرا اُنچا بُرج ہے۔ مجھے زیادہ جُنبش نہ ہو گی۔
۳ تُم کب تک اَیسے شخص پر حملہ کرتے رہو گےجو جھُکی ہوئی دیوار اور ہِلتی ہوئی باڑ کی مانِند ہے تاکہ سب مِل کر اُسے قتل کرو؟
۴ وہ اُسکو اُسکے مرتبہ سے گِرا دینے ہی کا مشورہ کرتے رہتے ہیں۔وہ جھوٹ سے خُوش ہوتے ہیں۔ وہ اپنے مُنہ سے تو برکت دیتے ہیں پر دِل میں لعنت کرتے ہیں۔
۵ اَے میری جان خُدا ہی کی آس رکھ کیونکہ اُسی سے مجھے اُمید ہے۔
۶ وہی اکیلامیری چٹان اور میری نجات ہے۔ وہی میرا اُونچا بُرج ہے مجھے جُنبش نہ ہو گی۔
۷ میری نجات اور میری شوکت خُدا کی طرف سے ہے۔ خُدا ہی میری قوت کی چٹان اور میری پناہ ہے۔
۸ اَے لوگو! ہر وقت اُس پر توکُل کرو۔اپنے دِل کا حال اُسکے سامنے کھول دو۔ خُدا ہماری پناہ گاہ ہے۔
۹ یقِیناً ادنٰی لوگ بے ثبات اور اعلیٰ آدمی چھوٹے۔ وہ ترازُو میں ہلکے نِکلینگے۔ وہ سب کے سب بے ثباتی سے بھی ہیچ ہیں۔
۱۰ ظلُم پر تکیہ نہ کرو۔ لوُٹ مار کرنے پر نہ پھوُلو۔اگر مال بڑھ جائے تو اُس پر دِل نہ لگاؤ۔
۱۱ خُدا نے ایک بار فرمایا میَں نے دو بار سُنا کہ قُدرت خُدا ہی کی ہے۔
۱۲ شفقت بھی اَے خُداوند! تیری ہی ہے کیونکہ تو ہر شخص کو اُسکے عمل کے مُطابِق بدلہ دیتا ہے۔