رُوت تعارف


کتابِ مقدس کی تفسیر

رُوت

Ruth

از

وِلیم میکڈونلڈ

اِس تفسیر کی مدد سے آپ کلامِ خدا کے مندرجات کو زیادہ صفائی اور آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ یہ بڑے چُست، مودَّب، پُر خلوص، سنجیدہ اور عالمانہ انداز میں لکھی گئی ہے۔ اِس کا اِنتخاب آپ کے شخصی گیان دھیان اور گروہی مطالعۂ بائبل کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا


Believer’s Bible Commentary

by

William MacDonald

This is a Bible commentary that makes the riches of God’s Word clear and easy for you to understand. It is written in a warm, reverent, and devout and scholarly style. It is a good choice for your personal devotions and Bible study.

© 1995 by William MacDonald, Believer’s Bible Commentary
Christian Missions in Many Lands, Inc.
PO Box 13, Spring Lake, NJ 07762
USA
— All Rights Reserved —


مقدمه

’’روت کی یہ مختصر سی کتاب جس کی عموماً قضاۃ کے بعد تفسیر ہوتی ہے‏، صرف پچاسی آیات پر مشتمل ہے۔ لیکن اِن میں گلاب کے پھولوں کا ایک باغ ہے اور یہ پُراسرار دوستی سے معمور اور معطر ہے‏، جسے دورِ حاضر کا مسافر آج بھی اِسرائیل اور موآب کے سنسان کھنڈرات میں یردن کے اِس طرف اور اُس پار دیکھ سکتا ہے۔ اِس مختصر سے بیان کو جس قدر زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے کم ہے‏، خواہ اِس کا تعلق اُس تصور سے ہو جس سے یہ بیان معمور ہے‏، خواہ یہ تواریخی قدر و منزلت ہو جو اِسے اِمتیازی حیثیت عطا کرتی ہے‏، خواہ اِس کی پاکیزہ اور دل کش شکل ہو جس کے تحت یہ ترتیب دی گئی ہے۔‘‘ (‏Paulus Cassel)‏

۱۔ فہرستِ مُسلَّمہ میں منفرد مقام

یہ اَمر قابلِ غور ہے کہ بائبل میں دو کتابیں عورتیں کے نام سے موسوم ہیں‏، ایک تو وہ یہودی لڑکی تھی جس نے ایک ممتاز غیر قوم شخص سے شادی کی (‏آستر اور اخسویرس بادشاہ)‏‏، اور دوسری ایک غیر قوم عورت تھی جس نے ایک ممتاز عبرانی شخص سے شادی کی (‏روت اور بوعز)‏۔ اِن دونوں عورتوں میں ایک اَور مشترک بات یہ ہے کہ یہ خدا کی نجات بخش تاریخ کا حصہ ہیں۔ خدا نے آستر کو اپنی اُمت کو جسمانی بربادی سے بچانے کے لئے استعمال کیا‏، جب کہ رُوت مسیح کے نسب نامے میں ایک اہم کڑی ہے‏، یعنی پہلے اِس سلسلے میں اُس کا داؤد سے تعلق ہے‏، اور بالآخر مسیح سے جو اپنے لوگوں کو اُن کے گناہوں سے نجات دینے کو تھا۔ ہمیں متی ۱:‏۵ میں بتایا گیا ہے کہ بوعز غیر قوم راحب سے پیدا ہوا تھا‏، یقینی طور پر وہ یریحو کی راحب سے پیدا ہوا۔ اب رُوت ایک اَور غیر قوم عورت ہے جو بوعز کی بیوی کی حیثیت سے مسیح کے نسب نامے میں داخل ہوتی ہے۔ راحب اور رُوت دونوں خدا کے فضل کی تصویر کو پیش کرتی ہیں‏، کیونکہ نسلی لحاظ سے وہ بنی اِسرائیل سے خارج تھیں۔ 

McGee بیان کرتا ہے کہ ’’رُوت کی کتاب فی الحقیقت ایک عورت کی کہانی ہے‏، اور خدا نے اِسے الٰہی کتب خانے میں شامل کر کے اِس پر اپنی تصدیق کی مُہر ثبت کی ہے۔‘‘

ایک واقعے کے دوران مشہور امریکی سیاست دان اور موجِد بنجمن فرینکلن نے اِس کتاب کی خوبصورتی اور جاذبیت کی نہایت احسن طریقے سے وضاحت کی۔ جب وہ ایک فرانسیسی عدالت میں کام کر رہا تھا تو اُس نے چند ایک اُمرا کو بائبل کی ’’تضحیک‘‘ کرتے سنا کہ یہ کتاب قابلِ مطالعہ نہیں‏، اِس کا اسلوبِ بیان خوبصورت نہیں وغیرہ وغیرہ۔ گو وہ شخصی طور پر مسیحی ایمان دار نہیں تھا‏، تاہم جوانی کے ایام میں امریکی نوآبادیات سے تعلقات کی بنا پر وہ بائبل کو ادبی نقطۂ نگاہ سے ایک خوبصورت کتاب تسلیم کرتا تھا۔ چنانچہ اُس نے قدرے ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے رُوت کی کتاب کے تمام اَسمائے معرفہ کو فرانسیسی ناموں میں تبدیل کر دیا۔ پھر اُس نے یہ مسودہ فرانسیسی شرفا کے سامنے پڑھ کر سنایا۔ اُن سب نے اِس پُرتاثیر کہانی کے اسلوبِ بیان کی سادگی اور خوبصورتی کی بہت تعریف کی۔ 

’’بہت خوب! لیکن مسٹر فرینکلن! آپ نے یہ ادبی شہ پارہ کہاں سے حاصل کیا؟‘‘

اُس نے جواب دیا‏، ’’یہ اُس کتاب کا حصہ ہے جسے آپ حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‏، یعنی اِس کا بائبل مقدس سے تعلق ہے۔‘‘ پیرس میں اُس رات بعض لوگ بہت حیران و ششدر تھے۔ 

۲۔ مصنف

گو یہ کتاب غیر معروف ہے‏، تاہم یہودی روایت کے مطابق اِس کتاب کا مصنف سموئیل ہے۔ چونکہ یہ کتاب داؤد کے ساتھ اِختتام پذیر ہوتی ہے‏، تو مصنف نے کسی صورت میں بھی اِسے اُس کے ایام سے قبل نہ لکھا۔ سموئیل جس نے داؤد کو بادشاہ مَسح کیا‏، ممکن ہے کہ اُس نے نئے بادشاہ کو اُس کے نسب نامے کے لئے یہ کتاب پیش کی ہو۔ 

۳۔ سنِ تصنیف

چونکہ ۴:‏۱۷ اور ۲۲ میں داؤد کا نام اُس منزل کی نشان دہی ہے جس کی طرف رُوت کی تاریخ کے واقعات بڑھ رہے ہیں‏، عین ممکن ہے کہ یہ اُس کے دورِ حکومت یا اِس کے فوراً بعد لکھی گئی ہو (‏۱۰۱۱۔۹۷۰ ق م)‏ یا کم از کم بادشاہ کو مسح کرنے کے بعد سموئیل نے اِسے تحریر کیا ہو۔ 

جینسن لکھتا ہے:‏

’’یہ داؤد کے جانشین سلیمان کے تخت نشینی سے پہلے لکھی گئی ہو گی‏، ورنہ مصنف غالباً سلیمان کا نام نسب نامے میں شامل کرتا۔ چنانچہ مصنف داؤد کا ہم عصر تھا۔‘‘

تاہم بعض لوگ قدرے بعد کی تاریخ کو ترجیح دیتے ہیں‏، کیونکہ مصنف کاروباری معاہدے میں جوتی اُتارنے کی رسم کی وضاحت کی ضرورت کو محسوس کرتا تھا (‏۴:‏۷)‏۔ اِس سے معلوم ہوتا ہے کہ رُوت کی کتاب اِس رسم کے موقوف ہونے کے کچھ عرصے بعد احاطۂ تحریر میں آئی۔ 

۴۔ پس منظر اور موضوع

رُوت کی کتاب کے واقعات‏، قاضیوں کے ایام میں رُونما ہوئے (‏۱:‏۱)‏۔ جب ساری اِسرائیلی قوم خداوند سے برگشتہ تھی‏، تو ایک غیر قوم خاتون کا ایمان درخشندہ نظر آتا ہے۔ 

اِس کتاب کا کلیدی لفظ ’’چھڑانا‘‘ ہے۔ اور ایک اَور کلیدی لفظ ’’قرابتی یا رشتہ دار‘‘ ہے۔ یہ بارہ دفعہ استعمال ہوا ہے۔ بوعز چھڑانے والا رشتے دار ہے‏، جو الی مَلِک کی میراث کو خریدتا ہے اور اُس کے خاندان کے نام کو جاری رکھتا ہے۔ وہ مثیلِ مسیح ہے جو ایک حقیقی چھڑانے والا رشتے دار ہے۔ اور موآبی روت کلیسیا یعنی مسیح کی دُلھن کی تصویر کو پیش کرتی ہے‏، جسے اُس نے اپنے عجیب فضل سے مخلصی دلائی ہے۔ 

 

خاکہ
    باب
۱۔ موآب میں سکونت اِختیار کرنا ‏۱:‏ ۱۔۵‏
۲۔ بیت لحم میں واپسی ‏۱:‏۶۔۲۲‏
۳۔ روت بوعز کے کھیتوں میں ‏ ۲‏
۴۔ روت کا چھڑانے والا رشتے دار ‏ ۳‏
۵۔ بوعز چھڑاتا ہے ‏۴:‏ ۱۔۱۲‏
۶۔ عوبید تک داؤد کا شاہی نسب نامہ ‏۴:‏ ۱۳۔۲۲‏