زبور ۱۲۸: خداوند کی برکت
۱۲۸: ۱ جو ایمان دار زندگی کے ہر شعبے میں خداوند کی حکومت کو تسلیم کرتا اور خدا کے کلام کی عملی فرماں برداری میں چلتا ہے وہ زندگی سے پورے طور پر لطف اندوز ہوتا ہے۔
موسیٰ کی شریعت کے مطابق ایسے شخص کو جسمانی برکتیں ملتی تھیں۔
۱۲۸ : ۲ عمر کی درازی۔ وہ وقت سے پہلے نہیں مرا بلکہ اُس مادی دولت سے لطف اندوز ہونے کے لئے زندہ رہا جس کے لئے اُس نے محنت کی تھی۔
خوشی۔ وہ نزاع اور جھگڑے سے آزاد رہا اور اُسے یہ خوشی اور اطمینان حاصل تھا کہ خداوند کا چہرہ اُس پر جلوہ گر تھا۔
خوش حالی۔ اُس کے حالات ساز گار تھے۔ وہ مصیبت ، تباہ کاری، خشک سالی، وبا اور شکست سے محفوظ رہا۔
۱۲۸: ۳ ترقی۔ پھلدار تاک کی طرح اُس کی بیوی کے ہاں بہت سے بچے پیدا ہوئے۔ وہ زیتون کے پودوں کی مانند اُس کے دسترخوان کے گرد جمع ہیں۔ اُن میں ہمت، طاقت اور جوش ہے۔
۱۲۸: ۴ فضل کے عہدمیں ایماندار کو پہلے ہی آسمانی مقاموں میں ہر ایک روحانی برکت مل چکی ہے (افسیوں ۱:۳)۔ لیکن جیسا کہ ولیم کہتا ہے، ’’ایمان اِس گیت کی مادی برکتوں کو روحانی جامہ پہنا کر اُنہیں حال کے لئے حقیقی بنا سکتا ہے۔‘‘ اِس دنیا میں طویل زندگی کی نسبت بہتر ہے کہ خداوند یسوع کی زندگی ہمیں قوت دے۔ جب روح کی آزادی حاصل ہو تو دنیا کی کوئی بھی خوشی اِس کے مقابلے میں ہیچ ہے۔ روح کی خوش حالی بہترین خوش حالی ہے۔ روحانی بچوں کی پیدائش جسمانی بچوں کی خوشی سے سبقت لے جاتی ہے۔
۱۲۸: ۵،۶ زبور کی آخری دو آیات کو اِس طرح پڑھا جائے کہ یہ وعدہ یا دعا ہیں۔ موخرالذکر کے تحت وہ دعا کرتے ہیں کہ خداوند صیون میں اپنے مَقدِس (سکونت گاہ) یا یروشلیم میں اپنے تخت سے اپنے ایماندار لوگوں کو برکت دے۔ اُن کی یہ بھی دعا ہے کہ جب تک وہ زندہ ہیں وہ یروشلیم کی بھلائی دیکھیں۔ اُن کی یہ التجا ہے کہ اُنہیں عمر کی درازی حاصل ہو تاکہ وہ اپنی نسل کی دوسری پشت کو دیکھ سکیں۔ اور وہ اسرائیل کی سلامتی کے لئے دعا کرتے ہیں۔
یہ برکتیں مکمل طور پر اُس وقت ملیں گی جب اسرائیل کا بادشاہ واپس آ کر صداقت سے حکمرانی کرے گا۔
مقدس کتاب
۱ مُبارک ہے ہر ایک جو خُداوند سے ڈرتا ہے اور اُسکی راہوں پر چلتا ہے۔
۲ تُو اپنے ہاتھوں کی کمائی کھائے گا۔ تُو مُبارک اور سعادتمند ہو گا۔
۳ تیری بیوی تیرے گھر کے اندر میوہ دار تاک کی مانند ہو گی۔ اور تیری اولاد تیرے دستر خوان پر زیتون کے پودوں کی امنند ۔
۴ دیکھو! اَیسی برکت اُس آدمی کو مِلیگی۔ جو خُداوند سے ڈرتا ہے۔
۵ خُداوند صیِوُؔن میں سے تجھکو برکت دے اور عُمر بھر یروشؔلیم کی بھلائی دیکھے۔
۶ بلکہ تُو اپنے بچوں کے بچے دیکھے گا۔ اِسرائؔیل کی سلامتی ہو!