احبار تعارف


کتابِ مقدس کی تفسیر

اَحبار

Leviticus

از

وِلیم میکڈونلڈ

اِس تفسیر کی مدد سے آپ کلامِ خدا کے مندرجات کو زیادہ صفائی اور آسانی سے سمجھ سکتے ہیں۔ یہ بڑے چُست، مودَّب، پُر خلوص، سنجیدہ اور عالمانہ انداز میں لکھی گئی ہے۔ اِس کا اِنتخاب آپ کے شخصی گیان دھیان اور گروہی مطالعۂ بائبل کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا


Believer’s Bible Commentary

by

William MacDonald

This is a Bible commentary that makes the riches of God’s Word clear and easy for you to understand. It is written in a warm, reverent, and devout and scholarly style. It is a good choice for your personal devotions and Bible study.

© 1995 by William MacDonald, Believer’s Bible Commentary
Christian Missions in Many Lands, Inc.
PO Box 13, Spring Lake, NJ 07762
USA
— All Rights Reserved —


مقدمه

’’روح القدس کی طرف سے ہمیں دی ہوئی تمام اِلہامی کتابوں میں سے ایسی کوئی اَور کتاب نہیں ہے جس میں احبار کی نسبت خدا کی اپنی زُبان سے نکلے ہوئے زیادہ الفاظ ہوں۔ اِس کتاب کے تقریباً ہر صفحے پر خدا براہِ راست ہم کلام ہے۔ اُس کے پُرفضل الفاظ جیسے اُس نے کہے تھے‏، اُسی صورت میں درج ہیں۔ اِس خیال کے تحت ہم بڑی دلچسپی اور توجہ سے اِس کا مطالعہ کریں گے۔‘‘ (‏اینڈریو بونر۔ Andrew Boner)‏ 

۱۔ فہرستِ مسلَّمہ میں منفرد مقام

جے۔ این۔ ڈاربی نے ایک دفعہ خبردار کیا کہ اگر ایمان دار پاکیزگی سے بوریت محسوس کرتے ہیں‏، تو اِس کے خوف ناک نتائج ہوں گے۔ پاکیزگی احبار کی کتاب کا سب سے اہم مضمون ہے اور اکثر مسیحیوں کے لئے اِس کتاب کا مطالعہ بہت مشکل ہوتا ہے۔ اگر اِس میں دی ہوئی ہدایات کو محض اِس نقطۂ نظر سے دیکھا جائے کہ یہ قدیم یہودیوں کی قربانیوں سے متعلق رسومات‏، روزمرہ زندگی میں پاکیزگی کے احکامات اور غیر قوموں سے میل جول نہ رکھنے کی تفصیلات ہیں تو اِس کی برکت بہت محدود ہو گی۔ لیکن جب ہم اِس کتاب کی تفصیلات کو اِس زاویۂ نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ قربانیوں کی ہر ایک تفصیل مسیح کی شخصیت اور کام کی کاملیت کی تصویر کو پیش کرتی ہے تو گیان دھیان کے لئے اِس میں بہت کچھ موجود ہے۔ مزید برآں احبار کی کتاب کو عبرانیوں کے خط کی روشنی میں دیکھنے سے بہت زیادہ برکت ملتی ہے۔ 

۲۔ مصنف

احبار کی کتاب کے ۲۷ میں سے ۲۰ ابواب اور تقریباً ۲۵ دیگر پیرے اِن الفاظ سے شروع ہوتے ہیں ’’اور خداوند نے موسیٰ سے کہا‏،‘‘ یا اِس سے ملتے جلتے دیگر الفاظ سے۔ تقریباً موجودہ ایام تک یہودیت یا مسیحیت کو ماننے والے اکثر لوگوں نے اِن الفاظ کو مِن جانب خدا تسلیم کیا۔ خود ہمارے خداوند نے احبار ۱۳:‏۴۹ کا حوالہ دیا جب اُس نے کوڑھی سے کہا کہ وہ اپنے تئیں کاہن کو دِکھائے اور نذر گزرانے ’’جو موسیٰ نے مقرر کیں‘‘ (‏مرقس ۱:‏۴۴)‏۔ البتہ دورِ حاضر کے بہت سے حلقوں میں یہ فیشن بن چکا ہے کہ وہ اِس بات پر بجد ہیں کہ نہ صرف احبار بلکہ ساری توریت کا مصنف موسیٰ نہیں ہے۔ 

چونکہ ہمارا ایمان ہے کہ روایتی نظریہ نہ صرف درست بلکہ نہایت اہم بھی ہے اِس لئے اِس بات پر توریت کے تعارُف کے موضوع کے تحت تفصیلی بحث کی جا چکی ہے۔ اِسے بڑی احتیاط سے پڑھنا چاہئے۔ 

۳۔ سنِ تصنیف

یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ موسیٰ ہی احبار کی کتاب کا مصنف ہے اور توریت کی داخلی شہادتوں کے تحت ہمارا یہ خیال ہے کہ اِس کتاب کا موسیٰ پر خیمۂ اجتماع کھڑا کرنے کے بعد (‏خروج ۴۰:‏۱۷)‏ اور بنی اِسرائیل کے کوہِ سینا سے کوچ کے درمیان (‏گنتی ۱۰:‏۱۱)‏ کے پچاس دنوں کے دوران مکاشفہ ہوا۔ ہم قطعی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ کس سال میں یہ کتاب لکھی گئی‏، لیکن ۱۴۵۰ اور ۱۴۱۰ ق م کے درمیان لکھی گئی ہو گی۔ 

۴۔ پس منظر اور موضوع

احبار کی کتاب کے مضمون کو یاد رکھنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ لاویوں یا کاہنوں کو یاد رکھیں کیونکہ یہ کتاب کاہنوں کی راہنمائی کے لئے ہے۔ خروج کی کتاب بیابان میں خیمۂ اجتماع کے کھڑا کرنے پر اِختتام پذیر ہوئی۔ اب کاہنوں اور لاویوں کو ہدایات کی ضرورت تھی کہ وہ اِس مقدس مقام سے منسلک قربانیوں اور دیگر رسومات (‏مثلاً کوڑھیوں اور گھروں کو پاک صاف کرنے)‏ کو کیسے ادا کریں۔ 

خروج کی کتاب میں ہم نے دیکھا کہ اِسرائیل کو مصر سے مخلصی دِلائی گئی اور اُنہیں خدا کی خاص ملکیت کے لئے مخصوص کر دیا گیا۔ احبار کی کتاب میں ہم دیکھتے ہیں کہ اُنہیں مقدِس میں خدا کی حضوری میں آنے کے لئے کس طرح گناہ اور ناپاکی سے علیٰحدہ کیا گیا۔ پاکیزگی لشکرگاہ کا اصول بن گیا۔ پرانے اور نئے عہدنامے میں خدا یہ تقاضا کرتا ہے کہ اُس کے لوگ پاک ہوں‏، کیونکہ وہ پاک ہے۔ اِس سے بڑا مسئلہ پیدا ہوتا ہے کیونکہ اِنسان فطری اور عملی طور پر ناپاک ہے۔ اِس کا حل کفارے کے خون میں ہے (‏احبار ۱۷:‏۱۱)‏۔ پرانے عہدنامے میں جانوروں کی قربانیاں خدا کے برّے کی ایک ہی بار گزرانی گئی قربانی کی طرف اِشارہ کرتی ہیں‏، جس کا نئے عہدنامے میں اور خصوصی طور پر عبرانیوں کے خط میں ذکر ہے۔ 

 

خاکہ
      باب
۱۔ قربانیوں کی اَقسام ‏۱:‏۱۔۶:‏۷‏
  الف۔ سوختنی قربانی ‏ ۱‏
  ب۔ نذر کی قربانی ‏ ۲‏
  ج۔ سلامتی کا ذبیحہ ‏ ۳‏
  د۔ خطا کی قربانی ‏۴:‏۱۔۵:‏۱۳‏
  ہ۔ جرم کی قربانی ‏۵:‏۱۴۔۶:‏۷‏
۲۔ قربانیوں سے متعلق قوانین ‏۶:‏۸۔۷:‏۳۸‏
۳۔ کاہنوں کی تقدیس ‏ ۸۔۱۰‏
  الف۔ موسیٰ کا کاہنوں کو کہانت کی خدمت کے لئے مقرر کرنا ‏ ۸‏
  ب۔ ہارون کی طرف سے پیش کی ہوئی قربانیاں ‏ ۹‏
  ج۔ ندب اور ابیہو کی طرف سے کہانتی خدمت کی بے حرمتی ‏ ۱۰‏
۴۔ پاک اور ناپاک ‏ ۱۱۔۱۵‏
  الف۔ پاک اور ناپاک کھانے ‏ ۱۱‏
  ب۔ بچے کی پیدائش کے بعد طہارت ‏ ۱۲‏
  ج۔ کوڑھ کی تشخیص ‏ ۱۳‏
  د۔ کوڑھی کو پاک صاف کرنا ‏ ۱۴‏
  ہ۔ جسمانی رطوبت کے اخراج کے بعد طہارت ‏ ۱۵‏
۵۔ یومِ کفارہ ‏ ۱۶‏
۶۔ قربانی سے متعلق قوانین ‏ ۱۷‏
۷۔ شخصی برتاؤ سے متعلق قوانین ‏۱۸۔۲۲‏
  الف۔ جنسی پاکیزگی کے قوانین ‏ ۱۸‏
  ب۔ روزمرہ زندگی کے قوانین ‏ ۱۹‏
  ج۔ سنگین جرائم کی سزا ‏ ۲۰‏
  د۔ کاہنوں کا طرزِ عمل ‏ ۲۱‏،۲۲‏
۸۔ خداوند کی عیدیں ‏ ۲۳‏
  الف۔ سبت ‏۲۳:‏۱۔۳‏
  ب۔ عید فسح ‏۲۳:‏۴‏، ۵‏
  ج۔ عید فطیر ‏۲۳:‏۶۔۸‏
  د۔ پہلے پھلوں کی عید ‏۲۳:‏۹۔۱۴‏
  ہ۔ ہفتوں کی عید ‏۲۳:‏۱۵۔۲۲‏
  و۔ نرسنگوں کی عید ‏۲۳:‏۲۳۔۲۵‏
  ز۔ یومِ کفارہ ‏۲۳:‏۲۶۔۳۲‏
  ح۔ خیموں کی عید ‏۲۳:‏۳۳۔۴۴‏
۹۔ رسمی اور اخلاقی قوانین ‏ ۲۴‏
۱۰۔ سبت کا سال اور سالِ یوبلی ‏ ۲۵‏
۱۱۔ برکتیں اور لعنتیں ‏ ۲۵‏
  الف۔ خدا کی فرماں برداری کی برکتیں ‏۲۶:‏۱۔۱۳‏
  ب۔ خدا کی نافرمانی کی لعنتیں ‏۲۶:‏۱۴۔۳۹‏
  ج۔ اقرار اور توبہ کے ذریعے بحالی ‏۲۶:‏۴۰۔۴۶‏
۱۲۔ منتیں اور دہ یکی ‏ ۲۷‏