زبور ۱۳۴: آئیں، خداوند کی حمد کریں!
۱۳۴: ۱، ۲ یروشلیم کی ہیکل میں معمول کے مطابق مقررہ روزمرہ کی سرگرمیوں کے بعد لوگ تو اپنے گھروں کو لوٹ جاتے، لیکن کاہن اور لاوی رات کے وقت اپنے کام میں مشغول رہتے (۱۔تواریخ ۹:۳۳)، لوبان جلاتے اور خداوند کی شکرگزاری اور حمد کرتے تھے (۲۔تواریخ ۲۹: ۱۱،۳۱:۲)۔
عین ممکن ہے کہ لوگ واپس جاتے ہوئے پہلی دو آیات کاہنوں کے لئے گاتے ہوں۔ یہ بالکل واضح بات ہے کہ اِن آیات میں ہیکل میں رات کے وقت کام کرنے والوں کو مخاطب کیا گیا ہے جن کی خدمت یہ بھی تھی کہ وہ دعا کی روح میں مقدس کی طرف اپنے ہاتھ اُٹھائیں۔
۱۳۴: ۳ آیت ۳ کے جواب میں کاہن لوگوں کو انفرادی طور پر برکت دیتے ہیں۔ برکت کے بارے میں چار باتیں ملاحظہ فرمائیے:
- برکت دینے والا۔۔خداوند، یہوواہ، عہد کی پابندی کرنے والا خدا۔
- اُس کی عظمت ۔۔اُس نے آسمان اور زمین کو بنایا۔
- برکت پانے والا۔۔ خداوند کو مبارک کہو (’’تجھے‘‘ یہاں واحد ہے)۔
- برکت دینے والے کا مقام ۔۔ صیون۔مقدس کا مقام۔
مقدس کتاب
۱ اَے خُداوند کے بندو! آؤ سب خُداوند کو مُبارِک کہو۔ تُم جو رات کو خُداوند کے گھر میں کھڑے رہتے ہو!
۲ مقدِس کی طرف اپنے ہاتھ اُٹھاؤ اور خُداوند کو مُبارِک کہو۔
۳ خُداوند جِس نے آسمان اور زمین کو بنایا صیِوُؔن میں سے تجھے برکت بخشے۔