زبُور ۲۰

زبور ۲۰:‏ یعقوب کے خدا کا نام

قوم جنگ کے دہانہ پر ہے۔ اپنے جنگی دستوں کو جنگ میں لے جانے سے پہلے داؤد قربانیاں گزراننے کے لئے آیا ہے۔ اُس کی وفادار رعایا کی ایک کثیرتعداد اُس کی کامیابی کے لئے دعا کرنے آئی ہے۔ آیات ۱۔۵ میں ہم اُنہیں دعا کرتے ہوئے سنتے ہیں کہ خداوند اُسے محفوظ رکھے اور اُسے فتح سے ہمکنار کرے۔ اپنے لوگوں کی دعاؤں سے دلیری حاصل کرتے ہوئے بادشاہ اِس اعتماد کا اظہار کرتا ہے کہ یہوواہ اُس کے لئے جنگ کرے گا (‏آیت۶)‏۔ اُس کے اعتماد میں اب لوگ بھی شامل ہو جاتے ہیں اور اُن کی دعاؤں میں مخلصی کی یقین دہانی شامل ہو جاتی ہے (‏آیات ۷۔۹)‏۔

لوگوں کی دعا (‏۲۰:‏ ۱۔۵)‏

۲۰:‏ ۱ جنگ سے پیشتر لوگوں نے خدا سے فریاد کی کہ وہ متوقع جنگ میں دشمن کو شکست فاش دے کر اُن کی دعاؤں کا جواب دے۔ جب وہ گاتے ہیں ’’یعقوب کے خدا کا نام تجھے بلندی پر قائم کرے!‘‘ تو وہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ خدا کے نام سے مراد اُس کی ذات اور شخصیت ہے۔ اِس زبور میں تین بار اِس عظیم نام کے بارے میں حوالہ دیا گیا ہے:‏

  • یعقوب کے خدا کا نام تجھے بلندی پر قائم کرے (‏آیت ۱)‏۔
  • ہم اپنے خدا کے نام پر جھنڈے کھڑے کریں گے (‏آیت ۵)‏۔
  • ہم تو خداوند اپنے خدا ہی کا نام لیں گے (‏آیت ۷)‏۔

ولیمز بڑی خوبصورتی سے اِن تین باتوں کو یوں بیان کرتا ہے:‏

  • دفاع کرنے والانام
  • جھنڈوں پر لکھا ہوا نام
  • مخلصی دینے والا نام

۲۰:‏ ۲ یہاں متوقع مدد کے ماخذ کی وضاحت کی گئی ہے۔ صیون میں مَقدِس زمین پر خدا کی سکونت گاہ تھی۔ چنانچہ مَقدِس سے کمک اور صیون سے تقویت کی توقع کرنا نہایت معقول بات تھی۔

۲۰:‏ ۳ ہدیئے اور سوختنی قربانیاں لانے میں بادشاہ وفادار اور فرماں بردار رہا۔ اِس وجہ سے خداوند اُسے یاد رکھے۔

۲۰:‏ ۴‏،۵ بادشاہ کی یہ آرزو تھی کہ خداوند اُس کے منصوبوں اور مقاصد کو کامیاب کرے۔ یہاں اُس سے محبت رکھنے والے لوگ دعا کرتے ہیں کہ جنگ کا یہی نتیجہ ہو۔ وہ پہلے سے ہی فتح کا بہت بڑا جشن منانے کے لئے سوچ رہے ہیں کہ جونہی فتح کا اعلان ہو گا وہ خوشی اور فرطِ جذبات سے جھنڈے کھڑے کریں گے جو ہوا سے لہراتے ہوئے اُن کے خدا کے نام کو خراجِ تحسین پیش کریں گے۔

ایک سوال ہے کہ یہ الفاظ ’’خداوند تیری تمام درخواستیں پوری کرے‘‘ لوگوں‏، کاہن یا داؤد تینوں میں سے کس کی زبان سے ادا ہوئے؟ بہرکیف یہ بہت خوبصورت دعا ہے۔ 

بادشاہ کا جواب (‏۲۰:‏۶)‏

اپنے لوگوں کی دعائیہ دلچسپی سے ہمت پاتے ہوئے بادشاہ یہ جان کر خوش ہوتا ہے کہ خداوند فی الحقیقت مقدس آسمان سے مطلوبہ مدد بھیجے گا اور اپنی لامحدود قوت کے اظہار سے اُس کا ساتھ دے گا۔

لوگوں کی پُراعتماد دعا (‏۲۰:‏ ۷۔۹)‏

ایسا اعتماد فوری طور پر اثر کرتا ہے۔ عقیدت مند لوگ‏، اپنے قائد کی یقین دہانی سے تحریک حاصل کرکے مفرور دشمنوں کی فوجی قوت سے اب بالکل مرعوب نہیں ہیں۔ اُنہیں اپنے محفوظ رتھوں اور جنگی گھوڑوں پر فخر کرنے دیں‏، لیکن اسرائیل اپنے خداوند کے نام پر فخر کرے گا۔ اپنے اسلحہ خانہ میں ہتھیاروں کے انبار پر بھروسا کرنے کے بجائے خداوند پر بھروسا کرنا بہتر ہے۔ خداوند کی ایک جھلک دیکھنے پر زبردست سے زبردست فوجیں چاروں شانے چت ہو جائیں گی۔ لیکن وہ جو خداوند کی طرف ہیں‏، جنگ کے اختتام پر کھڑے رہیں گے۔

۲۰:‏ ۹ لوگ ایک بار پھر دلی اطمینان کے ساتھ خداوند سے التجا کرتے ہیں کہ وہ بادشاہ کو فتح بخشے‏، اور یوں مخلصی کے لئے اُن کی دعاؤں کا جواب دے۔

اطلاق

اِس زبور کا تواریخی اطلاق داؤد کی عمونیوں اور ارامیوں پر فتح پر ہو سکتا ہے (‏۲۔سموئیل ۱۰:‏ ۱۴۔۱۹)‏۔

لیکن اِس زبور کا خداوند یسوع کے جی اُٹھنے کے لئے دعا پر بھی اطلاق کیا جا سکتا ہے۔ اُس کے ایماندار لوگ دعا کرتے ہیں کہ خدا‏، کلوری پر مسیح کی قربانی کی قبولیت کے نشان کے طور پر اُسے مُردوں میں سے زندہ کرے۔ جب مسیح شیطان اور اُس کی فوجوں سے جنگ کر رہا ہے تو وہ حتمی نتیجہ کے لئے پُراعتماد ہے۔ زبور ۲۰ پہلے ایسٹر کی خوشی کا پیش خیمہ بھی ہے۔

اِس زبور کا مشنریوں پر بھی اطلاق ہو سکتا ہے جو شیطان کی عمل داری میں روحانی جنگ کے لئے جاتے ہیں‏، یا کسی بھی مسیحی پر جو خداوند کے لئے نئے علاقے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 

مقدس کتاب

۱ مصیبت کے دِن خُداوند تیری سُنے۔ یعقوب کے خُدا کا نام تجھے بلندی پر قا ئم کرم کرے!
۲ وہ مقدِس سے تیرے لئے کمک بھیجے اور صیُّون سے تجھے تقویت بخشے!
۳ وہ تیرے سب ہدیوں کو یاد رکھے اور تیرے سوختنی قربانی کو قبول کرے! (سِلاہ)
۴ وہ تیرے دِل کی آرزُو برلا ئے اور تیری سب مشورت پُوری کرے!
۵ ہم تیری نجات پر شادیانہ بجا ئینگے اور اپنے خُدا کے نام پر جھنڈے کھڑے کرینگے۔ خُداوند تیری تمام درخواستیں پُوری کرے!
۶ اب میں جان گیا کہ خُداوند اپنے ممسوح کو بچا لیتا ہے۔ وہ اپنے دہنے ہاتھ کی نجات بخش قوت سے اپنے مُقدس آسمان پر سے اُسے جواب دیگا۔
۷ کسی کو رتھوں کا اور کسی کو گھوڑوں کا بھروسا ہے پر ہم تو خُداوند اپنے خُدا ہی کا نام لینگے۔
۸ وہ تو جھکے اور گِر پڑے پر ہم اُٹھے اور سیدھے کھڑے ہیں۔
۹ اَے خُداوند! بچالے۔ جس دِن ہم پُکاریں تو بادشاہ ہمیں جواب دے۔