زبور ۱۰۰: خوشی کا نعرو مارو
اِس زبور میں سب اہلِ زمین کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ یہوواہ کی پرستش کریں۔ اُس کی دعوت اسرائیل کی حدوں سے نکل کر تمام غیر اقوام تک پہنچتی ہے۔ بارنز لکھتا ہے:
حمد و تمجید پر صرف ایک قوم کی اجارہ داری نہیں ہے، یہ محض ایک قوم یعنی اسرائیل کا فرض نہیں ہے، بلکہ سب خدا کی تمجید کریں: سب قومیں، سب اہلِ زبان اور ہر طبقہ کے لوگ اِس میں متحد ہیں کہ اُن کا ایک ہی خالق ہے۔
ہم اِن پانچ مختصر آیات سے سیکھتے ہیں کہ پرستش سادہ ہے۔ زبان بہت سادہ استعمال کی گئی ہے۔ ہم یہ بھی سیکھتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے کاموں اور صفتوں کا ورد بھی پرستش ہے۔ الفاظ میں بذاتِ خود بہت زیادہ خوبصورتی ہے۔
ہم اِس زبور کا خاکہ یوں بیان کرتے ہیں:
- عبادت کے لئے بلاہٹ (آیات ۱،۲)
- خدا کی عبادت کیوں کی جائے (آیت ۳)
- عبادت کے لئے بلاہٹ (آیت ۴)
- خدا کی عبادت کیوں کی جائے (آیت ۵)
عبادت کے سات عناصر کا بیان کیا گیا ہے:
- خوشی کا نعرہ مارو (آیت ۱)
- خوشی سے خداوند کی عبادت کرو (آیت ۲ الف)
- گاتے ہوئے اُس کے حضور حاضر ہو (آیت ۲ ب)
- شکر گزاری کرتے ہوئے اُس کے پھاٹکوں میں داخل ہو (آیت ۴ الف)
- حمد کرتے ہوئے اُس کی بارگاہوں میں داخل ہو (آیت۴ ب)
- اُس کا شکر کرو (آیت ۴ج)
- اُس کے نام کو مبارک کہو (آیت ۴ د)
ہم اُس کی حمد کریں اِس لئے کہ وہ ہمارا :
- خداوند (آیت ۱)
- خدا (آیت ۳ الف)
- خالق (آیت ۳ب)
- مالک (آیت ۳ ج)
- اور چرواہا ہے۔ (آیت ۳ د)
ہمیں اُس کے اوصاف کے لئے اُس کی حمد کرنا چاہئے، کیونکہ :
- وہ بھلا ہے۔ (آیت ۵)
- اُس کی شفقت ابدی ہے۔ (آیت ۵)
- اُس کی وفاداری پشت در پشت رہتی ہے۔ (آیت ۵)
پہلی تین آیات میں خدا کی خالق کی حیثیت سے پرستش کی جاتی ہے۔ لیکن آخری دو آیات کو کلوری سے منسوب کرنا اِس قدر مشکل نہیں ہے کیونکہ ہم اُس کی بھلائی، شفقت اور وفاداری کو اتنی وضاحت سے کہیں اَور نہیں دیکھتے۔
آیت ۳ میں خوبصورت خیالات کے اتحاد کو ہمیں نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ یہاں ہم پڑھتے ہیں کہ خداوند ہی خدا ہے، اِس کا مطلب ہے کہ وہ اِس قدر بلند ہے کہ اُس تک رسائی نہیں ہو سکتی۔ لیکن ہم یہ بھی پڑھتے ہیں کہ ہم اُس کے ہیں۔ اِس سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ وہ ہمارے بہت قریب ہے۔ چونکہ وہ ہمارے بہت قریب ہے، اِس لئے زبور میں خوف اور ہیبت کے بجائے خوشی اور حمد کی روح پائی جاتی ہے۔
مقدس کتاب
۱ اَے اہلِ زمین! سب خُداوند کے حُضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔
۲ خُوشی سے خُداوند کی عبادت کرو۔ گاتے ہوئے اُسکے حُضُور حاضر ہو۔
۳ جان رکھو کہ خُداوند ہی خُدا ہے۔ اُسی نے ہمکو بنایا اور ہم اُسی کے ہیں۔ ہم اُسکے لوگ اور اُسکی چراگاہ کی بھیڑیں ہیں۔
۴ شُکر گُذاری کرتے ہوئے اُسکے پھاٹکوں میں اور حمد کرتے ہوئے اُسکی بارگاہوں میں داخل ہو۔ اُسکا شُکر کرو اور اُسکے نام کو مُبارِک کہو۔
۵ کیونکہ خُداوند بھلا ہے۔ اُسکی شفقت ابدی ہے وہ اُسکی وفاداری پُشت در پُشت رہتی ہے۔