زبُور ۲۸

زبور ۲۸:‏ خدا کی خوشی

۲۸:‏ ۱‏، ۲ اے خداوند! مَیں صرف اور صرف تجھ کو پکارتا ہوں۔ اے خداوند تُو میری چٹان ہے یعنی چٹان ہونے کے ناتے سے تُو میرا تحفظ‏، قوت اور استحکام ہے۔ مَیں تجھ سے التجا کرتا ہوں کہ تُو میری طرف سے کان بند نہ کر۔ اگر تُو ایسا کرے گا تو یہ ایسا ہو گا کہ گویا موت میں شریروں سے میرا ملاپ ہو‏، یعنی تیری ذات سے مَیں کلی طور پر جدا ہو جاؤں گا۔ جب مَیں تیرے تخت کے پاس مدد کے لئے فریاد کرتا ہوں اور تیری مقدس ہیکل کی طرف ہاتھ اٹھاتا ہوں تو تُو میری منت کی آواز کو سن لیتا ہے۔

۲۸:‏ ۳ مجھے کبھی بھی شریروں اور بدکرداروں کے ہاتھوں میں نہ چھوڑ۔ وہ دوسروں کے خلاف سازشیں کرتے ہیں اور اپنے پڑوسیوں سے میٹھی میٹھی باتیں کرتے ہیں جب کہ اُن کے دلوں میں بدی ہے۔

۲۸:‏ ۴ اے خداوند اُن کے ساتھ ایسا سلوک کر جس کے وہ مستحق ہیں‏، اُن کی بہت زیادہ بدی اور اُن کے کاموں کے مطابق اُنہیں بدلہ دے۔ اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مطابق اُنہیں بدلہ دے‏، یعنی جس سزا کے وہ مستحق ہیں۔

۲۸:‏ ۵ اور نہ صرف اُن کے کاموں اور اُن کے ہاتھوں کے کاموں کا بدلہ دے ‏، بلکہ اِس لئے بھی کہ وہ تیرے ہاتھوں کے کاموں کی قدر نہیں کرتے۔ اِس وجہ سے تُو اُنہیں اُس عمارت کی طرح گرا دے گا جو پھر کبھی تعمیر نہیں ہو سکے گی۔

۲۸:‏ ۶ اے خداوند! جب مَیں دعا کر رہا تھا تو تیرے روح القدس نے مجھے عجیب طور سے باطنی یقین دہانی کرا دی کہ میری دعا سن لی گئی اور اُس کا جواب دے دیا گیا ہے۔ اِس کے لئے مَیں تیری تعریف کرتا ہوں۔ اب مَیں گیت گاؤں گا۔

۲۸:‏ ۹ اے خداوند! اب تُو نے مجھے رہائی دینے کا وعدہ تو کر لیا ہے‏، لیکن مَیں ایک اَور التجا کرتا ہوں۔ اپنی اُمت کو بچا۔ اپنی میراث اسرائیل کو برکت دے۔ محبت کرنے والے چرواہے کی مانند اُنہیں اچھی طرح سیر کر اور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے اُنہیں اپنے بازوؤں میں سنبھال۔ اے خداوند تیرا شکر ہو!

مقدس کتاب

۱ اَے خُداوند! مَیں تجھ ہی کو پُکارونگا۔ اَے میری چٹان! تُو میری طرف سے کان بندنہ کر۔ ایسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے تو مَیں اُن کی مانند بن جاؤں جو پاتال میں جاتے ہیں۔
۲ جب مَیں تجھ سے فریاد کروں اور اپنے ہاتھ تیری مُقدس ہیکل کی طرف اُٹھاؤں تو میری مِنت کی آواز کو سُن لے۔
۳ مجھے اُن شریروں اور بدکرداروں کے ساتھ گھسیٹ نہ لیجا جو اپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں مگر اُن کے دِلوں میں بدی ہے۔
۴ اُن کے افعال واعمال کی بُرائی کے مُوافق اُن کو بدلہ دے۔ اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابق اُن سے سلُوک کر۔ اُ ن کے کِئے کا عوض اُن کو دے۔
۵ وہ خُداوند کے کاموں اور اُس کی دستکاری پر دھیان نہیں کرتے۔ اِس لئے وہ اُن کو گِرا دیگااور پھر نہیں اُٹھائیگا۔
۶ خُداوند مُبارک ہو۔ اِس لئے کہ اُس نے میری مِنت کی آواز سُن لی۔
۷ خُداوند میری قوت اور میری سِپر ہے۔ میرے دِل نے اُس پر تُوکل کیا ہے اور مجھے مدد ملی ہے۔ اِسی لئے میرا دِل نہایت شادمان ہے اور میں گیت گا کر اُس کی ستائش کرونگا۔
۸ خُداوند اُن کی قوت ہے۔ وہ اپنے ممسوح کے لئے نجات کا قلعہ ہے۔
۹ اپنی اُمت کو بچا اور اپنی میراث کو برکت دے۔ اُن کی پاسبانی کر اور اُن کو ہمیشہ تک سنبھالے رہ۔