زبور ۱۵۰ : خداوند کی تعریف کرو!
ہم زبوروں کے شاندار اختتام تک پہنچ چکے ہیں۔ اِس سے زیادہ مناسب بات اَور کیا ہو سکتی ہے کہ مخلوقات کو خدا کی ستائش کی دعوت دی جائے؟ حمد کے لئے اِس زبور میں چار کلیدی سوالوں کا جواب دیا گیا ہے: کہاں ، کس لئے، کیسے اور کون؟
تخلیق کا مقصد خدا کا جلال ظاہر کرنا تھا۔ چنانچہ انسان کے وجود کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ خدا کی حمد کرے۔ جیسا کہ مختصر کاٹی کزم میں بڑی خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے، ’’انسان کا سب سے بڑا مقصد یہ ہے کہ وہ خدا کا جلال ظاہر کرے اور ہمیشہ اُس میں خوش رہے۔‘‘
۱۵۰: ۱ لیکن کہاں؟ ہم اُس کے مَقدِس اور اُس کی قدرت کے فلک پر اُس کی حمد کریں، جس کا یہ مطلب ہے کہ آسمان و زمین یعنی ہر جگہ اُس کی حمد کریں۔ کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں حمد نہیں ہو سکتی۔
۱۵۰ : ۲ اور کس لئے؟ اُس کی قدرت کے کاموں اور اُس کی بڑی عظمت کے لئے اُس کی حمد کریں۔ دوسرے لفظوں میں ہم اُس کی اِس لئے حمد کریں کہ اُس نے ہمارے لئے کیا کیا ہے اور اِس لئے کہ وہ کون ہے۔ نہ صرف اُس کی بڑی عظمت کے لئے بلکہ اُس کی بڑی عظمت کے مطابق بھی۔ اپنے خالق اور نجات دہندہ کی عظمت کا جوش و خروش سے ذکر نہ کرنا گناہ ہے۔
۱۵۰: ۳۔۵ کیسے؟ ہر قسم کے سازوں کے ساتھ۔ نرسنگے کے فوجی سُر کے ساتھ۔ بربط کے چوپانی شیریں سُر کے ساتھ۔ ستار کے تاروں کی میٹھی دُھنوں کے ساتھ۔ دف کی تھاپ کے ساتھ، ہر طرح کے تاردار ساز، وائلن اور گٹار کی دُھن کے ساتھ عظیم بادشاہ کی تعظیم کی جا سکتی ہے۔ پھونک کر بجائے جانے والے سازوں، مثلاً بانسری اور بین کو اِس عظیم خدمت کے لئے استعمال کریں۔ تھاپ والے تمام سازوں مثلاً جھانجھ وغیرہ سے بلند آواز سے آمین کہتے ہوئے نغمہ سرائی کریں۔
۱۵۰: ۶ ہمارا آخری سوال یہ ہے: کون حمد کرے؟ اور اِس کا جواب یہ ہے ’’ہر متنفس خداوند کی حمد کرے۔‘‘ دُنیا کی تمام آوازوں پر مشتمل کوائر مل کر بلند آواز سے خدا کی حمد کرے۔ ہیلیلویاہ! خداوند کی حمد کرو۔
مقدس کتاب
۱ خُداوند کی حمد کرو۔ تُم خُداوند کے مقدس میں اُسکی حمد کرو۔ اُسکی قُدرت کے فلک پر اُسکی حمد کرو۔
۲ اُسکی قُدرت کے کاموں کے سبب سے اُسکی حمد کرو۔ اُسکی بڑی عظمت کے مُطابق اُسکی حمد کرو۔
۳ نرسنگے کی آواز کے ساتھ اُسکی ھمد کرو۔ بربط اور ستِار پر اُسکی حمد کرو۔
۴ دف بجاتے اور ناچتے ہوئے اُسکی حمد کرو۔ تاردار سازوں اور بانسلی کے ساتھ اُسکی حمد کرو۔
۵ بُلند آواز جھانجھ کے ساتھ اُسکی حمد کرو۔ زور سے جھنجھناتی جھانجھ کے ساتھ اُسکی حمد کرو۔
۶ ہر مُتنفِّس خُداوند کی حمد کرے۔ خُداوند کی حمد کرو۔