زبور ۱۴۸ : مخلوقات کی کوائر
مَیں نے بہت سی مختلف کوائریں دیکھی اور اُن کے گیت سنے ہیں، لیکن اُن میں سے کوئی بھی اِس کوائر کی مانند نہیں تھی۔ یہ کوائر تمام جاندار اور بے جان مخلوقات پر مشتمل ہے۔ یہ کائنات کی بہت بڑی کوائر ہے اور اِس میں قطار در قطار گانے والے کھڑے ستائش کرتے ہیں۔
۱۴۸: ۱۔۶ سب سے اوپر کے حصے میں آسمان پر سے فرشتے یعنی آسمانی لشکر یہوواہ کی ستائش کر رہے ہیں۔ سورج، چاند اور ستارے اِس کے نیچے ہوتے ہیں اور وہ نغمہ افلاک پیش کر رہے ہیں۔ بلند ترین آسمان اور پانی سے بھرے ہوئے بادل گا رہے ہیں، ’’عالم بالا پر خدا کی تمجید ہو۔‘‘ سب خدا کی تعظیم کر رہے ہیں کہ وہ اُن کا خالق ہے جس کے کہنے پر کائنات معرضِ وجود میں آگئی۔ اُس نے اپنی تخلیق کو قیام بخشا اور اُس نے اِس کے لئے یکساں اصول اور قوانین مقرر کئے۔
۱۴۸: ۷، ۸ ترتیب کے لحاظ سے اِس کے نیچے گہرے سمندروں کی مخلوقات ہوتی ہیں۔ وہ بھی شہادت دیتی ہیں کہ ایک اِلٰہی ہاتھ نے اُنہیں بنایا۔ آگ، اولے، برف، بادل اور طوفانی ہوائیں سب اُس کا حکم ماننے میں تیز ہیں اور وہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ یہوواہ کا موسموں پر اختیار ہے۔ وہ اُنہیں اپنی مرضی کے مطابق استعمال کرتا ہے۔
۱۴۸ : ۹، ۱۰ پہاڑ اور سب پہاڑیاں بھی اپنے سر اُٹھائے ہوئے خدا کی مدح سرائی کر رہی ہیں۔ جو درخت پھل دار ہیں اور جو لکڑی مہیا کرتے ہیں وہ سب اپنی بلند شاخوں سے اُس کے نام کی تعریف کر رہے ہیں۔ جنگلی اور گھریلو جانور، رینگنے والے جاندار اور پرندے ۔۔ وہ سب خدا کی حکمت اور قدرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
۱۴۸: ۱۱، ۱۲ جونہی ہم سامنے کی گانے والی قطاروں کے پاس آتے ہیں تو ہم بنی آدم کا ہجوم دیکھتے ہیں۔ اُن میں بادشاہ، اُمرا، حکومتی افسران اور عوام شامل ہیں۔ لڑکے اور لڑکیاں، بوڑھے اور بچے ۔۔ سب سر جھکائے اور منہ کھولے یہوواہ کی ستائش کر رہے ہیں۔
۱۴۸: ۱۳، ۱۴ یہ بہت بڑی کوائر خداوند کے نام کی حمد کر رہی ہے کہ اُس کا نام ہر نام سے ممتاز ہے اور اُس کا جلال بلند ہے۔ اِس کوائر کے گیت میں ایک خاص مضمون ہے ۔۔ وہ خصوصاً خداوند کے نام کی بڑائی کر رہے ہیں کہ اُس نے اسرائیل کے لئے کیا کچھ کیا ہے۔ اُس نے اپنی قوم کے لئے ایک سینگ بلند کیا ہے۔ اِس سے مراد مسیح ہے۔ خداوند یسوع کی دوسری آمد میں اُس نے اپنے مقدسوں کو اپنی ستائش کا ایک خصوصی موقع فراہم کیا ہو گا۔ بنی اسرائیل کوائر میں سب سے آگے ایک مخصوص جگہ پر اُس کے قریب کھڑے ہوں گے۔ بحال شدہ قوم کے ذریعے تمام دنیا کو برکت حاصل ہو گی۔ اِس لئے کوائر میں سب مل کر ہیلیلویاہ کہتے ہیں یعنی ’’خداوند کی حمد کرو!‘‘
مقدس کتاب
۱ خُداوند کی حمد کرو۔ آسمان پر سے خُداوند کی حمد کرو۔ بُلندیوں پر اُسکی حمد کرو۔
۲ اَے اُسکے فرِشتو! سب اُسکی حمد کرو۔ اَے اُسکے لشکرو! سب اُسکی حمد کرو۔
۳ اَے سورج ! اَے چاند! اُسکی حمد کرو۔ اَے نُورانی ستِارو! سب اُسکی حمد کرو۔
۴ اَے افلاک الاافلاک! اُسکی حمد کرو۔ اور تُو بھی اَے فضا پر کے پانی۔
۵ یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔کیونکہ اُس نے حُکم دیا اور یہ پیدا ہو گئے۔
۶ اُس نے اِن کو ابدُالآباد کے لئے قائم کیا ہے۔ اُس نے اٹل قانون مقرر کیا ہے۔
۷ زمین پر سے خُداوند کی حمد کرو۔ اَے اژدھاؤ اور سر گہرے سُمندرو!
۸ اَے آگ اور اولو! اَے برف اور کُہر! اَے طوفانی ہوا! جو اُسکے کلام کی تعمیل کرتی ہے۔
۹ اَے پہاڑو اور سب ٹیلو! اَے میوہ دار درختو اور سب دیودارو!
۱۰ اَے جانورو اور سب چَوپایو!اَے رینگنے والو اور پرندو!
۱۱ اَے زمین کے بادشاہو اور سب اُمتّو! اَے اُمرا اور زمین کے سب حاکمو!
۱۲ اَے نوجوانو اور کنواریو! اَے بُڈّھواور بچو!
۱۳ یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔ کیونکہ صرف اُسی کا نام ممتاز ہے۔ اُسکا جلال زمین و آسمان سے بُلند ہے۔
۱۴ اور اُس نے اپنے سب مُقدسوں یعنی اپنی مُقرب قوم بنی اِسرائؔیل کے فخر کے لئے اپنی قوم کا سینگ بلند کیا۔ خُداوند کی حمد کرو۔