زبور ۵: صبح کی دعا
زبور ۵ کا عنوان یوں ہے:
’’میر مغنی کے لئے بانسلیوں کے ساتھ داؤد کا مزمور۔‘‘
اکثر زبوروں کے عنوانات کے معانی مبہم ہیں۔ زبور ۵ کے عنوان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سازوں کے ساتھ گایا جائے، لیکن دیگر مزامیر کے لئے ممکن ہے کہ زبور دوسرے راگ میں گایا جا سکتا ہے۔ مثلاً زبور ۵۷ میں یہ لکھا ہے ’’التشخیت کے سُرپر۔‘‘ یہ غالباً اُس وقت ایک مشہور گیت ہو گا۔ بعض اوقات معانی اِس قدر مبہم ہوتے ہیں کہ مترجمین عبرانی زبان کا لفظی ترجمہ کر دیتے ہیں مثلاً زبور ۱۶ کے لئے لکھا ہے ’’داؤد کا مکتام۔‘‘ خدا کا شکر ہے کہ زبور سے فائدہ اُٹھانے کے لئے ہمارا انحصار اِس کے عنوان کو سمجھنے پر نہیں ہے۔
زبور ۵ صبح کی دعا ہے جس میں داؤد خدا کے راست باز اور شریر کے ساتھ رویہ کا مقابلہ کرتا ہے۔
۵: ۱، ۲ شروع میں ہی وہ خدا سے التجا کرتا ہے کہ وہ نہ صرف اُس کی باتوں پر بلکہ اُس کی آہوں پر بھی کان لگائے۔ یہ التجا مناسب ہے۔ روح القدس بڑی آسانی سے ہمارے الفاظ کی طرح ہماری آہیں سمجھ سکتا ہے۔
زبور نویس خدا سے التجا کرتا ہے کہ وہ نہ صرف اُس کی آہوں کو سنے، بلکہ اُس کی فریاد کی آواز پر بھی کان لگائے۔ اِس سے مراد ہے کہ لہجہ اور آواز کی گہری اور پُرخلوص بلندی پر بھی کان دھرا جائے۔
خدا سے مخاطب ہوتے ہوئے وہ کہتا ہے ’’اے میرے بادشاہ! اے میرے خدا‘‘، یوں داؤد خداوند کے ساتھ شخصی اور گہرے تعلقات کا اظہار کرتا ہے۔ اِن الفاظ ’’ مَیں تجھ ہی سے دعا کرتا ہوں‘‘ سے وہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ صرف اور صرف اُسی خدا سے دعا کرتا ہے۔
۵: ۳ داؤد کبھی کبھار نہیں بلکہ باقاعدگی سے دعا کرتا تھا۔ ہر صبح خداوند نے اُس کی دعا کو سنا۔ ہر صبح مردِ خدا نے حمدوستائش اور دعا کی قربانی تیار کی اور منتظر رہا کہ خداوند دن کے دوران اپنے آپ کو اُس پر ظاہر کرے۔ اکثر اوقات ہم خدا کے جواب کا انتظار نہیں کرتے۔
۵:۴۔۶ دعا میں خدا کی پاکیزگی اور صداقت کو یاد رکھنے سے داؤد کے ایمان کو تقویت ملتی ہے۔ ایماندار فضل کے تخت تک پہنچ سکتے ہیں، لیکن شریر اس میں ناکام رہتے ہیں۔ خدا کسی طرح کی شرارت کو برداشت نہیں کرتا اور نہ اُس سے خوش ہوتا ہے۔ شرارت تو خداوند کے پاس ایک رات کے لئے بھی مہمان نہیں بن سکتی۔ اُس بادشاہ کے سامنے گھمنڈی لوگوں کی حمایت نہیں ہو سکتی۔ خداوند شریروں سے نفرت کرتا ہے — یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس سے رائج الوقت نظریہ پاش پاش ہو کر رہ جاتا ہے کہ خدا نفرت نہیں کر سکتا۔ خدا کی پاکیزگی کا تقاضا ہے کہ وہ سب جھوٹے لوگوں کو سزا دیتا ہے، تمام دغا بازوں اور قاتلوں سے نفرت کرتا ہے۔
۵: ۷ شریر دشمنوں کے مقابلہ میں داؤد کو خدا کی شفقت کی کثرت کی وجہ سے اُس کی حضوری میں فوری رسائی حاصل تھی۔ نہایت تعظیم کی روح میں، تمام دیندار یہودیوں کی مانند، داؤد مقدس ہیکل کی طرف رُخ کرکے دعا کرتا تھا۔ چونکہ ہیکل داؤد کی موت تک نہیں بنی تھی، اِس لئے اِس لفظ کا تعلق خیمہ اجتماع سے ہے، جیسا کہ ۱۔سموئیل ۱:۹، ۳:۳ اور ۲۔سموئیل ۲۲:۷ میں بھی اِستعمال ہوا ہے۔
۵:۸ داؤد اپنے دشمنوں سے تنگ آ گیا ہے۔ وہ خداوند سے دعا کرتا ہے کہ وہ اُسے ارد گرد کے خطرات سے بحفاظت نکال کر اپنے انصاف کو ظاہر کرے اور اُس کی راہوں کو بالکل صاف کر دے۔
۵:۹ اِس کے بعد زبور نویس اِس امر کے مضبوط دلائل دیتا ہے کہ کیوں خدا اپنے صادق خادم کو بری کرے اور اُس کے شریر دشمنوں کو سزا دے۔ اُن کی باتوں پر یقین نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اُن کی باطنی زندگی، اُن کے خیالات اور عزائم کلی طور پر بُرے ہیں اور وہ تباہی پر تلے ہوئے ہیں۔ اُن کا گلا کھلی قبر کی مانند ہے اور گندگی کی وجہ سے اُس میں تعفن ہے۔ وہ مزید لاشوں کو نگلنے کے لئے تیار ہیں۔ وہ بہت زیادہ منافق خوشامدی ہیں۔
۵: ۱۰ اُن کی بربادی یقینی ہے۔ اُنہیں اپنے جرم کی سزا ملنی چاہئے۔ وہ اپنی بُری تدبیروں میں خود پھنس جائیں۔ اُن کی بے شمار بدیوں کے باعث اُنہیں بے دخل کر دیا جائے۔ اُن کا سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ اُنہوں نے خداوند خدا سے سرکشی کی ہے۔
۵: ۱۱، ۱۲ خدا اُس کے دشمنوں کو سزا دیتا ہے جب کہ خدا کے دوست ہمیشہ شادمان رہیں اور خوشی سے للکاریں کیونکہ وہ اُن کی مضبوط اور یقینی پناہ گاہ ہے۔ جو لوگ یہوواہ سے محبت رکھتے ہیں، وہ اُس کی بڑائی کریں کیونکہ وہ ہمیشہ اُن کی حمایت کرتا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ خدا صادق کو برکت دیتا ہے۔ وہ اُسے سِپر کی طرح اپنے فضل سے گھیرے رہے گا۔
مقدس کتاب
۱ اَے خُداوند میری باتوں پر کان لگا! میری آہوں پر توجُّہ کر!
۲ اَے میرے بادشاہ! اَے میرے خُدا! میری فریاد کی آواز کی طرف مُتوجّہ ہو کیونکہ میں تجھ ہی سے دُعا کرتا ہوں۔
۳ اَے خُداوند! تُو صُبح کو میری آواز سُنیگا۔ میں سویرے ہی تجھ سے دُعا کرکے انتظار کرونگا۔
۴ کیونکہ تُو ایسا خُدا نہیں جو شرارت سے خُوش ہو۔ بدی تیرے ساتھ نہیں رہ سکتی۔
۵ گھمنڈی تیرے حضُور کھڑے نہ ہونگے۔ تجھے سب بدکرداروں سے نفرت ہے۔
۶ تُواُن کو جو جُھوٹ بولتے ہیں ہلاکے کریگا۔ خُداوند کو خُونخوار اور دغا باز آدمی سے کراہیت ہے۔
۷ لیکن میں تیری شفقت کر کثرت سے تیرے گھر میں آؤنگا۔ میں تیرا رُعب مان کر تیری مُقدس ہَیکل کی طرف رُخ کرکے سجدہ کرونگا۔
۸ اَے خُداوند! میرے دُشمنوں کے سبب سے مجھے اپنی صداقت میں چَلا۔ میرے آگے آگے اپنی راہ کو صاف کردے۔
۹ کیونکہ اُن کے مُنہ میں ذرا سچائی نہیں۔ اُن کا باطن محض شرارت ہے۔ اُن کا گلا کھُلی قبر ہے۔ وہ اپنی زبان سے خُوشامد کرتے ہیں۔
۱۰ اَے خُدا! تُو اُن کو مجُرم ٹھہرا۔ وہ اپنے ہی مشوروں سے تباہ ہوں۔ اُن کو اُن کے گناہوں کی کثرت کے سبب سے خارج کردے کیونکہ اُنہوں نے تجھ سے سرکشی کی ہے۔
۱۱ لیکن وہ سب جو تجھ پر بھروسا رکھتے ہیں شادمان ہوں۔ وہ سدا خُوشی سے لکاریں کیونکہ تُو اُن کی حمایت کرتا ہے اور جو تیرے نام سے محبت رکھتے ہیں تجھ میں شاد رہیں۔
۱۲ کیونکہ تُو صادق کو برکت بخشیگا۔ اَے خُداوند! تُو اُسے کرم سے سِپر کی طرح ڈھانک لیگا۔