أیسعیاہ ۳۹

ج۔ حزقیاہ کا گناہ (‏باب ۳۹)‏

۳۹:‏ ۱۔۷ باب ۳۹ میں حزقیاہ کی زبردست غلطی کی رُوداد ہے کہ اُس نے شاہِ بابل کے وفد کو اپنے سارے خزانے اور وسائل وغیرہ دکھا دیئے کیونکہ شاہِ بابل نے اُس کی شفایابی پر بظاہر اُس کو مبارک باد دینے کے لئے تحفے تحائف بھیجے تھے۔ حزقیاہ کو شاید توقع تھی کہ بابل اسور کے حملے کے خلاف میری مدد کرے گا۔ جب یسعیاہ نے اِس واقعے کے بارے میں سنا تو اُس نے خدا کی طرف سے سزا کا فیصلہ سنا دیا۔ بابل یہوداہ کو اسیر کر کے لے جائے گا۔ بادشاہ کے بیٹے بابل کے محل میں خواجہ سرا ہوں گے۔ یہ نبوت اِس واقعے کے رُونما ہونے سے ستّر سال پہلے کی گئی جب بابل نہیں بلکہ اسور یہوداہ کے لئے بڑا خطرہ تھا۔ 

۳۹:‏۸ حزقیاہ کا ردِعمل __ ’’خداوند کا کلام … بھلا ہے‘‘۔ اِس سے حزقیاہ کی اطاعت گزاری ظاہر ہوتی ہے۔ مزید براں یہ پتا چلتا ہے کہ اُسے تسلی تھی کہ مَیں خود یہ تباہی اور رُسوائی دیکھنے کو جیتا نہ رہوں گا۔

مقدس کتاب

۱ اس وقت مردوک بلدان بن بلدان شاہ بابل نے حزقیاہ کے لیے نامے اورتحائف بھیجے کیونکہ اس نے سنا تھا کہ وہ بیمارتھا اور شفا یاب ہوا۔
۲ اور حزقیاہ ان سے بہت خوش ہوا اوراپنے خزانے یعنی چاندی اورسونا اورمصالح اور بیش قیمت عطر اورتمام سلاح خانہ اورجو کچھ اسکے خزانوں میں موجود تھا انکو دکھایا۔ اسکے گھر میں اور اسکی مملکت میں ایسی کوئی چیز نہ تھی جو انکو نہ دکھائی۔
۳ تب یسعیاہ نبی نے حزقیاہ بادشاہ کے پاس آ کر اس سے کہا کہ یہ لوگ کیا کہتےہیں اور یہ کہاں سے تیرے پاس آئے ؟ حزقیاہ نے کہا کہ یہ ایک دورکے ملک یعنی بابل سے میرے پاس آئے ہیں۔
۴ تب اس نے پوچھا انہوں نے تیرے گھر میں کیا کیا دیکھا ؟ حزقیاہ نے کہا سب کچھ جو میرے گھر میں ہے انہوں نے دیکھا۔ میرے خزانوں میں ایسی کوئی چیز نہیں جو میں نے انکو نہ دکھائی ہو۔
۵ تب یسعیاہ نے حزقیاہ سے کہا کہ رب الافواج کا کلام سن لے۔
۶ دیکھ وہ دن آتےہیں کہ سب کچھ جو تیرے گھر میں ہے اور جو کچھ تیرےباپ دادا نے آج کے دن تک جمع کر کے رکھا ہے بابل کو لے جائینگے۔ خداوند فرماتا ہے کچھ بھی باقی نہ رہیگا۔
۷ اوروہ تیرے بیٹوں میں سے جو تجھ سے پیدا ہونگے اور جنکا باپ تو ہی ہو گا کتنوں کو لے جائینگے اور وہ شاہ بابل کے ملک میں خواجہ سرا ہونگے۔
۸ تب حزقیاہ نے یسعیاہ سے کہا خداوند کا کلام جو تو نے سنایا بھلا ہے اور اس نے یہ بھی کہا کہ میرے آیام میں تو سلامتی اورامن ہو گا۔