استثنا ۳۳

ج۔ موسیٰ کی برکتیں (‏باب ۳۳)‏

اِس باب میں کئی عبرانی الفاظ نہایت مبہم ہیں‏، اِس لئے مختلف مفسرین نے مختلف تفسیریں اور مختلف آرا پیش کی ہیں۔ اِس تفسیر میں عبرانی الفاظ کے مختلف ممکنہ مفاہیم کی تفصیل کو بیان کرنا ممکن نہیں‏، اِس لئے ہم صرف ہر ایک برکت کا مختصر اور نبوتی نظریہ پیش کریں گے۔ 

۳۳:‏۱۔۵ مردِ خدا موسیٰ نے اَب آخری عمل کے طور پر اِسرائیل کے قبائل کو برکت دی۔ آیات۲۔۵میں خدا کی اپنے لوگوں کی پُر محبت بھلائی کا ذکر کیا گیا۔ کوہِ سینا پر اُس نے شریعت دی۔ شعیر اور فاران کے شہر سینا اور کنعان کی راہ میں تھے۔ وہ شاعرانہ زبان میں بیان کرتا ہے کہ خدا یسورون میں بادشاہ ہے اور فتح کے لئے اپنےلوگوں کی راہنمائی کرتا ہے۔ تب اِنفرادی طور پر برکتوں کا ذکر ہے۔ 

۳۳:‏۶ رُوبن یردن کے مشرق اور موآب کے شمال میں آباد تھا۔ روبن حملوں کے لئے غیر محفوظ ہو گا۔ اِس لئے اُس کے واسطے دعا کی گئی ہے کہ وہ ختم نہ ہو جائے بلکہ جیتا رہے۔ 

شمعون کا ذکر نہیں کیا گیا۔ یہوداہ کے ساتھ اِس کے تعلقات بہت گہرے ہو گئے اور ممکن ہے کہ اُس کی برکت میں اِسے شامل کیا گیا ہو۔ 

۳۳:‏۷ کنعان کی فتح میں یہ قبیلہ راہنمائی کرے گا۔ خداوند سے دعا کی گئی ہے کہ وہ جنگی مردوں کی مدد کرے اور اُنہیں بحفاظت اپنے لوگوں میں واپس لائے۔

۳۳:‏۸۔۱۱ لاوی‏، خدا نے اُوریم اور تُمیم لاوی کو دیئے۔ مسّہ اور مریبہ کے چشمے پر لوگوں نے اِس قبیلے کی نکتہ چینی کی۔ جب لوگوں نے سونے کے بچھڑے کی پرستش کی تو لاوی کے قبیلے نے اپنے لوگوں کے خلاف خدا کا ساتھ دیا۔ لاوی کے قبیلے کو مخصوص کر لیا گیا کہ وہ قوم کو تعلیم دے اور قربانیاں چڑھائے۔ موسیٰ دعا کرتا ہے کہ خداوند اُس کے مال پر برکت دے اور وہ خوشی سے اپنی خدمت سرانجام دے اور جو اُس سے نفرت کرتے ہیں اُنہیں فنا کرے۔ 

۳۳:‏۱۲ بنیمین‏، ہیکل یعنی زمین پر خدا کا مسکن بنیمین کے علاقے میں قائم کیا جائے گا‏، جو پہاڑیوں سے گھرا ہو گا۔ اِس لئے بنیمین کی یہ تصویر پیش کی گئی ہے کہ وہ پیارا قبیلہ ہو گا‏، اور اُس کی خداوند کے ساتھ گہری رفاقت ہو گی۔ 

۳۳:‏۱۳۔۱۷ یوسف‏، یوسف کی نسل کے علاقے کو اُوپر سے شبنم اور نیچے سے چشمے سیراب کریں گے۔ یہ بہت زیادہ پھل دار ہو گا اور اُسے خداوند کی خوشنودی حاصل ہو گی جس نے اپنے آپ کو جلتی جھاڑی میں ظاہر کیا۔ یوسف کے دونوں قوی بیٹے قوموں کو فتح کریں گے۔ افرائیم کو پہلوٹھے کا حق دیا گیا‏، اِس لئے افرائیم کے لاکھوں لاکھ اور منسّی کے ہزاروں ہزار ہیں۔ 

۳۳:‏۱۸‏،۱۹ زبولون اور اِشکار‏، وہ گھر اور گھر سے باہر کامیاب ہوں گے‏، اور وہ خداوند کے پہاڑ پر یعنی یروشلیم میں پرستش کے لئے قوموں کی راہنمائی کریں گے۔ یہقبیلے سمندر اور زمین کے فیض سے لطف اندوز ہوں گے۔ چونکہ ایسا کوئی دستاویزی ثبوت نہیں کہ اُنہوں نے قوموں کی پرستش کی راہنمائی کی اور چونکہ ماضی میں اُنہیں خشکی میں محصور کر دیا گیا اِس لئے اِس برکت کا اِطلاق ہزار سالہ بادشاہت پر ہو گا۔

۳۳:‏۲۰‏، ۲۱ جد‏، خدا نے اِس قبیلے کو یردن کے مشرق میں بہت بڑا علاقہ دیا۔ جد اِسے فتح کرنے اور اِس پر قابض رہنے کے لئے شیر کی طرح لڑا۔ اُس نے اپنی مرضی سے اِس خوبصورت چراگاہ کا اِنتخاب کیا۔ یہ ایک لیڈر کا حصہ تھا۔ لیکن وہ یردن کے مغرب کے علاقے کو فتح کرنے کے لئے قوم کے سرداروں کے ساتھ شامل ہوا‏، یوں خدا کی راست مرضی کو پورا کیا۔ 

۳۳:‏۲۲ دان‏، دان کا شیر کے بچے سے موازنہ کیا گیا ہے‏، جو خوف ناک اور زور آور ہے اور اچانک حملہ کرتا ہے۔ دان کا اصل علاقہ کنعان کے جنوب مغرب میں تھا‏، لیکن دان کے قبیلے کے لوگ شمال مشرق میں ہجرت کر کے گئے اور بسن کا ملحقہ اضافی علاقہ قبضے میں لے لیا۔ 

۳۳ :‏۲۳ نفتالی‏، کنعان کے شمال مشرق میں سکونت پذیر تھا۔ اِس کا علاقہ جنوب میں گلیل کی جھیل تک تھا۔ یہ قبیلہ خداوند کے لطف و کرم اور برکت سے معمور تھا۔ 

۳۳:‏۲۴‏، ۲۵ آشر کو یہ برکت دی گئی کہ اُس کی اولاد بے شمار ہو گی‏، اُس کے دوسرے قبیلوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں گے اور اُس کے علاقے میں زیتون کا تیل کثرت سے ہو گا۔ اِس قدر شاعرانہ پارے میں بینڈوں کے لئے پیتل اور لوہا عجیب مواد ہے۔ ایف۔ ڈبلیو۔ گرانٹس یہاں ایک دِلچسپ متبادل ترجمہ پیش کرتا ہے:‏ 

قدیم ترجموں کے برعکس بعض جدید تراجم میں’قوت‘ کی جگہ’آرام‘ پڑھا جاتا ہے۔ اِن دونوں میں تحفظ کا دوہرا اِظہار کیا گیا ہے‏، اور ہم جس ترجمے سے واقف ہیں‏، اُسے چھوڑنے کے لئے تیار نہ ہوں یعنی ’جیسے تیرے دن ویسے تیری قوت ہو گی‘‏، یقیناًاِس خوبصورت برکت کے عین قریب یہ غیر موزوں نہ ہو گا ’جیسے تیرے دن ویسے تیرا آرام ہو گا۔‘ ‘‘

۳۳:‏۲۶۔۲۹ اِختتامی آیات میں خداوند کی عظمت کو بیان کیا گیا ہے کیونکہ وہاپنے لوگوں کے لئے سرگرمِ عمل ہوتا ہے۔ یسورون کا لاثانی خدا آسمان پر مدد کرنے کے لئے ہے۔ بے شمار لوگوں کو آیت ۲۷ سے تقویت ملی ہے۔ ’’ابدی خدا تیری سکونت گاہ ہے اور نیچے دائمی بازو ہیں۔‘‘

اِسرائیل کے دشمنوں کو خدا کی طرف سے تباہ کرنے‏، تحفظ کے وعدے‏، سلامتی‏، خوش حالی اور فتح مندی سے موسیٰ کا گیت اِختتام پذیر ہوتا ہے۔ 

مقدس کتاب

۱ پھر مردِ خدا موسیٰ نے جو دعای خیر دیکر اپنی وفات سے پہلے بنی اسرائیل کو برکت دی وہ یہ ہے ۔
۲ اور اُس نے کہا خداوند سینا سے آیا اور شعیر سے اُن پر آشکارا ہوا ، وہ کوہِ فاران سے جلوہ گر ہوا اور لاکھوں قدسیوں میں سے آیا اُسکے دہنے ہاتھ پر اُنکے لیے آتشی شریعت تھی ۔
۳ وہ بے شک قوموں سے محبت رکھتا ہے اُسکے سب مقدس لوگ تیرے ہاتھ میں ہیں اور وہ تیرے قدموں میں بیٹھے ایک ایک تیری باتوں سے مستفیض ہو گا ۔
۴ موسیٰ نے ہمکو شریعت اور یعقوب کی جماعت کے لیے میراث دی ۔
۵ اور وہ اُس وقت یسرون میں بادشاہ تھا جب قوم کے سردار اکٹھے اور اسرائیل کے قبیلے جمع ہوئے ۔
۶ روبن جیتا رہے اور مر نہ جائے تو بھی اُسکے آدمی تھوڑے ہی ہوں ۔
۷ اور یہوداہ کے لیے یہ ہے جو موسیٰ نے کہا : ا ے خداوند ! تو یہوداہ کی سُن اور اپسے اُس کے لوگوں کے پاس پہنچا ۔ وہ اپنے لکیے آپ اپنے ہاتھوں سے لڑا اور تُو ہی اُسکے دشمنوں کے مقابلہ میں اُسکا مدد گار ہو گا ۔
۸ اور لاوی کے حق میں اُس نے کہا : تیرے تمیم اور اوریم اُس مردِ خدا کے پاس ہیں جسے تُو نے مسہ پر آزما لیا اور جسکے ساتھ مریبہ کے چشمہ پر تیرا تنازع ہوا ۔
۹ جس نے اپنے ماں باپ کے بارے میں کہا کہ میں نے اِنکو دیکھا نہیں اور نہ اُس نے اپنے بھائیوں کو اپنا مانا اور نہ اپنے بیٹوں کو پہچانا کیونکہ اُنہوں نے تیرے کلام کی احتیاط کی اور وہ تیرے عہد کو مانتے ہیں
۱۰ وہ یعقوب کو تیرے احکام اور اسرائیل کو تیری شریعت سکھائیں گے وہ تیر ے آگے بخور اور یرے مذبح پر پوری سوختنی قپربانی رکھیں گے ۔
۱۱ اے خداوند ! تُو اُسکے مال میں برکت دے اور اُسکے ہاتھوں کی خدمت کو قبول کر ۔ جو اُسکے خلاف اُٹھیں اُنکی کمر توڑ د ۔ اور اُنکی کمر بھی جنکو اُس سے عداوت ہے تا کہ وہ پھر نہ اُٹھیں ۔
۱۲ اور بنیمین کے حق میں اُس نےکہا :۔ خداوند کا پیارا سلامتی کے ساتھ اُس کے پاس رہے گا وہ سارے دن اُسے ڈھانکے رہتا ہے اور وہ اُسکے کندھوں کے بیچ سکونت کرتا ہے ۔
۱۳ اور یوسف کے حق میں اُس نے کیا :۔ اُسکی زمین خداوند کی طرف سے مبارک ہ ! آسمان کی بیش قیمت اشیا اور شبنم اور وہ گہرا پانی جو نیچے ہے ۔
۱۴ اور سورج کے پکائے ہوئے بیش بہا پھل اور چاند ک اُگائی ہوئی بیش قیمت چیزیں ۔
۱۵ اور قدیم پہاڑوں کی بیش قیمت چیزیں ۔
۱۶ اور زمین اور ُسکی معموری کی بیش قیمت چیزیں اور اُسکی خوشنودی جو جھاڑی میں رہتا تھا ۔ اَن سب کے اعتبار سے یوسف کے سر پر یعنی اُسی کے سر کے چاند پر جو اپنے بھائیوں سے جُدا رہا برکت نازل ہو ۔
۱۷ اُسکے بیل کے پہلوٹھے کی سی اُسکی شوکت ہے اور اُسکے سینگ جنگلی سانڈ کے سے ہیں اُن ہی سے وہ سب قوموں کو بلکہ زمین کی انتہا کے لوگوں کو دھکیلے گا ۔ وہ افرائیم کے لاکھوں لاکھ اور منسی کے ہزاروں ہزار ہیں ۔
۱۸ اور زبولون کے بارے میں اُس نے کہا :۔ اے ابولون ! تُو اپنے باہر جاتے وقت اور اے اِشکار ! تُو اپنے خیموں میں خوش رہ ۔
۱۹ وہ لوگوں کو پہاڑوں پر بُلائیں گے اور وہاں صداقت کی قُربانیاں گذراننے گے کیونکہ وہ سمندروں کے فیص اور ریت کے چھپے ہوئے خزانوں سے بہرہ ور ہونگے ۔
۲۰ اور جد کے حق میں اُس نے کہا : ۔ جو کوئی جد کو بڑھائے وہ مبارک ہو وہ شیربی کی طرح رہتا ہے اور بازو بلکہ سر کے چاند تک کو پھاڑ ڈالتا ہے ۔
۲۱ اور اُس نے پہلے حصہ کو اپنے لیے چُن لیا کیونکہ شرع دینے والے کا بخرہ وہاں الگ کیا ہوا تھا اور اُس نے لوگوں کے سرداروں کے ساتھ آکر خداوند کے انصاف کو اور اُسکے احکام کو جو اسرائیل کے لیے تھے پورا کیا ۔
۲۲ اور دان کے حق میں اُس نے کہا :۔ دان اُس شیر ببر کا بچہ ہے جو بسن سے کود کر آتا ہے ۔
۲۳ اور نفتالی کے حق میں اُس نے کہا : ۔ اے نفتالی ! جو لطف و کرن سے آسودہ اور خداوند کی برکت سے معمور ہے تُو مغرب اور جنوب کا مالک ہو !
۲۴ اور آشر کے حق میں اُس نے کہا : ۔ آشر آس اولاد سے مالا مال ہو ۔ وہ اپنے بھائیوں کا مقبول ہو اور اپنا پاوں تیل میں ڈبوئے ۔
۲۵ تیرے بینڈے لوہے اور پیتل کے ہونگے اور جیسے تیرے دن ویسی ہی تیری قوت ہو ۔
۲۶ اے یسورون ! خداوند کی مانند اور کوئی نہیں جو تیری مدد کے لیے آسمان پر اور پنے جاہ و جلال میں افلاک پر سوار ہے ۔
۲۷ ابدی خدا تیری سکونت گاہ ہے ۔ اور نیچے دائمی بازو ہیں ۔ اُس نے غنیم کو تیرے سامنے سے نکال دیا اور کہا اُنکو ہلاک کر دے ۔
۲۸ او ر اسرائیل سلامتی کے ساتھ یعقوب کا سوتا اکیلا ۔ اناج اور مَے میں بسا ہوا ہے بلکہ آسمان سے اُس پر اوس پڑتی رہتی ہے ۔ بلکہ آسمان سے اُس پر اوس پڑتی رہتی ہے۔
۲۹ مبارک ہے تو اے اسرائیل ! تُو خداوند کی بچائی ہوئی قوم ہے سو کون تیری مانند ہے ؟ وہی تیری مدد کی سپر اور تیرے جاہ و جلال کی تلوار ہے تیرے دُشمن تیرے مطیع ہو نگے اور تُو اُنکے اونچے مقاموں کو پامال کرے گا ۔