یرمیاہ ۴۵

د۔ یہوواہ کا پیغام باروک کے نام (‏باب ۴۵)‏

یہ باب یہویقیم کے عہد میں لکھا گیا۔ اِس لئے تواریخی ترتیب کے لحاظ سے یہ باب ۴۴ سے پہلے آتا ہے۔ غالباً یہ ۳۶:‏ ۱۔۸ کے بعد آتا ہے۔ یہ باروک کے لئے تسلی کا پیغام ہے‏، کیونکہ وہ یہوداہ کے لئے غضب اور سزا کے پیغام سے بے دل اور بے حوصلہ ہو گیا تھا۔ غالباً وہ اِس لئے بھی مایوس اور دل شکستہ تھا کہ اُس کی اُونچا عہدہ حاصل کرنے کی ساری اُمیدیں خاک میں مل گئی تھیں۔ خدا کو حق حاصل ہے کہ تعمیر کرے اور ڈھائے۔ باروک کو نہیں چاہئے کہ اپنے لئے یا یہوداہ کے لئے امورِ عظیم کی تلاش کرے بلکہ اُسے غنیمت جاننا چاہئے کہ میری جان بچ گئی۔ اب چاہئے کہ جو کام اُس کے سپرد ہوا ہے __ خواہ وہ کیسا بھی کم درجے کا ہے __ وہ کرے۔ کیلی (‏Kelly)‏ لکھتا ہے کہ :‏

’’باروک کے لئے خاص اور اہم سبق یہ تھا کہ عدالت یا سزا کے روز کسی مقدس اور خدا کے بندے کے لئے موزوں احساس یہ ہے کہ اپنے فائدے کا جویاں نہ ہو … دل کی فروتنی ایک مقدس (‏شخص)‏ کو ہمیشہ زیب دیتی ہے۔ خاکساری اخلاقی لحاظ سے ہمیشہ درست ہوتی ہے‏، لیکن یہ واحد چیز ہے جو سزا میں مستحکم رکھتی ہے۔ اِس وقت مَیں خدا کی آخری عدالت کی بات نہیں کر رہا بلکہ اُس عدالت (‏یا سزا)‏ کی بات کر رہا ہوں جس پر اِس دُنیا میں عمل درآمد ہوتا ہے۔ مجھے صاف معلوم ہوتا ہے کہ باروک نے یہ سبق نہیں سیکھا تھا‏، البتہ اب اُسے یہ سبق سیکھنا تھا۔ نبی کی معرفت اُسے یہ کلام بہت پہلے __ یہویقیم کی سلطنت کے چوتھے سال میں __ پہنچا تھا۔‘‘

مقدس کتاب

۱ شاہِ یہوداہؔ یہویقیمؔ بن یوسیاہؔ کے چوتھے برس میں جب بارُوک بن نیریاہؔ یرمیاہؔ کی زبانی کلام کو کتاب میں لکھ رہا تھا تو یرمیاہؔ کی زبانی کلام کو کتاب میں لکھ رہا تھا تو یرمیاہ ؔ نے اُس سے کہا ۔
۲ اَے بارُوکؔ خداوند اِسراؔ ئیل کا خدا تیری بابت یوں فرماتا ہے ۔
۳ کہ تو نے کہا مجھ پر افسوس کہ خداوند نے میرے دُکھ درد پر غم بھی بڑھا دیا! میں کراہتے کراہتے تھک گیا اور مجھے آرام نہ ملا ۔
۴ تو اُس سے یوں کہنا کہ خداوند فرماتا ہے دیکھ اِس تمام ملک میں جو کچھ میں نے بنایا گردُونگا اور جو کچھ میں نے لگایا اُکھاڑ پھینکو نگا ۔
۵ اور کیا تو اپنے لئے اُمور عظیم کی تلاش میں ہے؟ اُنکی تلاش چھوڑ دے کیونکہ خداوند فرماتا ہے دیکھ میں تمام بشر پر بلا نازل کُرونگا لیکن جہاں کہیں تو جائے تیری جان تیرے لئے غنیمت ٹھہرؤنگا ۔