(۶) باصلاحیت ہنرمند (۳۱:۱۔۱۱)
خداوند نے باصلاحیت ہنرمندوں بضلی ایل اور اہلیاب کو خیمہ اِجتماع اور اِس کے فرنیچر کو بنانے کے لئے مقرر کیا۔ اُنہیں اِس مقدس کام میں دوسرے کاری گروں کی نگرانی کرنا تھی (آیت ۶ ب)۔ اِس پیرے میں بار بار لفظ ’’ مَیں‘‘ کا استعمال ظاہر کرتا ہے کہ الٰہی حکم کے ساتھ الٰہی صلاحیت بھی دی جاتی ہے۔ خداوند اپنے کارکنوں کو مقرر کرتا، اُنہیں حکمت اور صلاحیت دیتا، اور اپنے جلال کے لئے اُن کے سپرد کام کرتا ہے (آیت ۶)۔ یہ کام خداوند کا کام ہے۔ وہ اِنسانی آلۂ کار کے ذریعے سے اِسے پایۂ تکمیل تک پہنچاتا ہے اور پھر اپنے کارندوں کو اَجر دیتا ہے۔
(۷) سبت کا نشان (۳۱:۱۲۔۱۸)
۳۱:۱۲۔۱۷ سبت کی پابندی کرنا خدا اور اِسرائیل کے درمیان ایک نشان تھا۔ ساتویں دن کسی بھی کام، یہاں تک کہ خیمۂ اِجتماع کی تعمیر کی بھی اِجازت نہیں تھی۔
۳۱:۱۸ اِس موقعے پر خدا نے موسیٰ کو پتھر کی دو لوحیں دیں جن پر شریعت یعنی دس احکام لکھے ہوئے تھے (اِستثنا ۱۰:۴)۔
خیمۂ اِجتماع: خدا کی طرف سے مسیح کی علامت
بنیادی طور پر خیمہ ئ اِجتماع مسیح کی نشان دہی کرتا ہے، کلام مجسم ہوا اور ہمارے درمیان رہا، یعنی ہمارے درمیان ”خیمہ لگایا“ (یوحنا ۱:۴۱، یونانی)۔
یہ خدا کے طریقِ نجات اور ایمان دار کی زندگی اور خدمت کی علامت بھی ہے۔
گو یہ طریقِ نجات کی تصویر کو پیش کرتا ہے، تاہم یہ اُس قوم کو دیا گیا تھا جس کا پہلے سے خدا کے ساتھ عہد کا رِشتہ اور تعلق تھا۔ طریقِِ نجات دکھانے کے بجائے خیمۂ اِجتماع وہ وسائل مہیا کرتا جس کے ذریعے لوگ رسمی آلودگی سے ظاہری طہارت حاصل کرتے تاکہ عبادت کے لئے خدا کی حضوری میں جا سکیں۔
خیمۂ اِجتماع اور اِس کے ساتھ منسلک خدمات آسمانی چیزوں کی نقل تھیں (عبرانیوں ۸:۵؛ ۹:۲۳،۲۴)۔ اِس کا یہ مطلب نہیں کہ آسمان میں اِسی طرح کا ڈھانچا اور نقشہ ہے، بلکہ خیمۂ اِجتماع آسمان کی روحانی حقیقتوں کی نشان دہی کرتا ہے۔ اِن مشابہتوں کو ملاحظہ فرمایئے:
| Earth | Heaven | ||
| عبرانیوں | عبرانیوں | ||
| زمینی مقدِس | ۹:۱۔۵ | آسمانی مقدِس | ۸:۲؛ ۹:۱۱۔۱۵ |
| پاک ترین مقام | ۹:۳ ب | پاک ترین خدا کی حضوری | ۱۰:۱۹ |
| پردہ | ۹:۳ الف | پردہ مسیح کا جسم | ۱۰:۲۰ |
| جانوروں کا خون | ۹:۱۳ | مسیح کا خون | ۹:۱۴ |
| قربان گاہ | ۷:۱۳؛ خروج ۲۷:۱۔۸ | مسیح ہماری قربان گاہ | ۱۳:۱۰ |
| سردار کاہن | ۵:۱۔۴ | مسیح ہماراسردار کاہن | ۴:۱۴،۱۵؛ ۵:۵۔۱۰؛ ۷:۲۰۔۲۸؛ ۸:۱؛ ۱۰:۲۱ |
| قربانیاں | ۱۰:۱۔۴،۱۱ | مسیح ہماری قربانی | ۹:۲۳۔۲۸؛ ۱۰:۱۲۔ |
| عہد کا صندوق | ۹:۴ | فضل کا تخت | ۴:۱۶ |
| عود سوز | ۹:۴ | آسمانی عود سوز | مکاشفہ ۸:۳ |
کتانی کپڑے سے صحن کی تشکیل (۱۵۰x ۷۵ فٹ)
پردے باریک بٹے ہوئے کتان کے تھے۔ یہ خدا کی کامل راست بازی کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ ساڑھے سات فٹ اُونچے تھے تاکہ آدمی اُوپر سے نہ دیکھ سکے۔ اِس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ خدا کی راست بازی کے معیار تک پہنچنے میں اِنسان ناکام ہے (رومیوں ۳:۲۳) اور کہ گنہگار اِس قابل نہیں کہ خدا کی چیزوں کو سمجھ سکے (۱۔کرنتھیوں ۲:۱۴)۔ یہ پردے ۵۶ ستونوں پر لٹکے ہوئے تھے۔ یہ ستون پیتل کے خانوں میں کھڑے تھے اور اُن کی کنڈیاں اور پٹیاں چاندی کی تھیں۔ یہ پردے قنات کی شکل کے تھے۔
دروازہ
کسی شخص کو صحن میں جانے کے لئے دروازے میں سے جانا پڑتا تھا۔ داخل ہونے کے لئے صرف ایک راستہ تھا، بعینہٖ جیسے خدا کے پاس جانے کا مسیح واحد راستہ ہے (یوحنا ۱۴:۶؛ اعمال ۴:۱۲)۔ دروازہ ۳۰ فٹ چوڑا تھا۔ یہ اِس اَمر کی علامت ہے کہ تمام بنی نوعِ اِنسان بڑی آسانی سے سے مسیح کے پاس آ سکتے ہیں (یوحنا ۶:۳۷؛ عبرانیوں ۷:۲۵)۔
جن پردوں سے دروازہ بنا تھا، وہ سفید کتان کے بنے تھے، اور اُن پر آسمانی، ارغوانی اور سرخ رنگ کی کڑھائی کی گئی تھی۔ یہ مسیح کی علامت ہے جیسے کہ چاروں اناجیل میں پیش کیا گیا ہے:
| ارغوانی | متی | – | بادشاہ | متی۲:۲ |
| سرخ | مرقس | – | دنیٰ خادم، گناہ کا بوجھ اُٹھائے ہوئے جویسعیاہ ۱:۱۸ کے مطابق قرمزی ہیں۔ | |
| سفید | لوقا | – | کامل اِنسان | لوقا ۳:۲۲ |
| نیلا | یوحنا | – | آسمانی شخص | یوحنا ۳:۱۳۔ |
سوختنی قربانی کے لئے پیتل کی قربان گاہ (ساڑھے سات فٹ مربع، اُونچائیساڑھے چار فٹ)
اندرونی صحن میں پہلی شے قربان گاہ تھی۔ یہ قربانی کے لئے جگہ تھی۔ یہ کلوری پر مسیح کی صلیب کی علامت ہے (عبرانیوں ۹:۱۴،۲۲)۔ خدا کے پاس جانے کے لئے گنہگار کو یہاں سے آغاز کرنا ہوتا ہے۔ قربان گاہ پیتل اور کیکر کی لکڑی کی بنی ہوئی تھی۔ کیکر کی لکڑی کو گُھن نہیں لگتا اور اِس وجہ سے خراب نہیں ہوتی تھی۔ پیتل عدالت اور لکڑی مسیح کی بے گناہی اور ایسی اِنسانیت کی علامت تھی جس میں کسی قسم کا بگاڑ پیدا نہیں ہو سکتا تھا۔ جو گناہ سے واقف نہ تھا، اُس نے ہمارے گناہوں کے لئے سزا برداشت کی (۲۔کرنتھیوں ۵:۲۱)۔
قربان گاہ میں خلا تھا اور اِس کے نصف حصے کے نیچے ایک جنگلا تھا جس پر جانور کو رکھا جاتا تھا۔ اِن کے چاروں کونوں پر پیتل سے منڈھے ہوئے سینگ تھے (خروج ۲۷:۲)۔ بظاہر قربانی کو اِن سینگوں سے باندھا جاتا تھا (زبور ۱۱۸:۲۷ ب)۔ رسیوں یا کیلوں سے ہمارے نجات دہندہ کو صلیب کے ساتھ نہیں بلکہ ہمارے لئے اُس کی ازلی اور لازوال محبت نے جکڑ رکھا تھا۔
جب کوئی اِسرائیلی سوختنی قربانی لاتا تو وہ قربانی کے جانور کے سر پر اپنا ہاتھ رکھتا، جس سے یہ ظاہر ہوتا تھا کہ یوں جانور اُس کی جگہ اپنی جان دے رہا ہے۔ یہ فدیے کے طور پر قربانی دی جاتی تھی۔ جانور کو ذبح کیا جاتا اور اُس کا خون بہتا۔ یہ مسیح کے خون کی علامت تھا جس کے بغیر گناہوں کی معافی نہیں (عبرانیوں ۹:۲۲)۔
سوائے کھال کے سب کچھ قربان گاہ پر جلایا جاتا۔ جیسے اکثر ہوتا ہے یہاں بھی علامت نامکمل ہے کیونکہ مسیح کُلی طور پر کلوری پر خدا کی مرضی کے تابع تھا۔
یہ خدا کے لئے راحت انگیز خوشبو تھی اور یہ ہمیں مسیح کے کام سے خدا کے مکمل اِطمینان کی یاد دلاتی ہے۔ یہ قربانی پیش کرنے والے کے لئے کفارہ تھی۔
پیتل کا حوض
پیتل کا حوض عورتوں کے آئینوں کے پیتل سے بنا تھا (خروج ۳۸:۸)۔ جے۔ ایچ۔ براؤن اپنے تاثرات اِن الفاظ میں بیان کرتا ہے: ’’اُنہوں نے وہ چیزیں دے دیں جو اُن کی اَنا کی تسکین کے لئے استعمال ہوتی تھیں … وہ چیزیں جو اُن کی جسمانی تسکین کا باعث تھیں۔‘‘ لازم ہے کہ عبادت سے پہلے اپنے آپ کو جانچا جائے (۱۔کرنتھیوں ۱۱:۳۱)۔
پیتل کا حوض کاہنوں کے لئے تھا۔ یہ خدمت کے لئے طہارت کی ضرورت کی نشان دہی کرتا ہے (یسعیاہ ۵۲:۱۱)۔ کہانتی خدمت کو اِختیار کرتے وقت کاہنوں کو ایک بار غسل دیا جاتا تھا (احبار ۸:۶)۔ اِس کے بعد اُنہیں باقاعدگی سے اپنے ہاتھوں اور پاؤں کو دھونے کی ضرورت تھی۔ ایک بار غسل __ کئی بار طہارت۔ اب سب ایمان دار کاہن ہیں (۱۔پطرس ۲:۵،۹)۔ ہمیں نئی پیدائش کے غسل کی صرف ایک بار ضرورت ہے (یوحنا ۳:۵؛ ۱۳:۱۰؛ ططس ۳:۵)۔ لیکن ہمیں مسلسل (خدمت کے لئے) اپنے ہاتھوں اور اپنے پاؤں کو (دین داری کے چال چلن کے لئے) دھونے کی ضرورت ہے۔ ہم کلام کے پانی سے یہ کرتے ہیں (زبور ۱۱۹:۹۔۱۱؛ یوحنا ۱۵:۳؛ اِفسیوں ۵:۲۶)۔
ممکن ہے کہ پیتل کے حوض کا ایک اُوپر کا حصہ ہاتھ دھونے اور نیچے کا حصہ پاؤں دھونے کے لئے ہو۔ بائبل پیتل کے حوض کی قطعی شکل اور حجم کا ذکر نہیں کرتی۔
خیمۂ اِجتماع (۱۵x ۴۵ فٹ)
اِس کا ڈھانچا باہر سے بہت سادہ لیکن اندر سے بہت خوبصورت تھا۔ اندر ہر ایک شے یا تو سونے سے منڈھی ہوئی تھی یا اِس پر کڑھائی کا کام کیا گیا تھا۔ یہ مسیح کی علامت تھا جو ہمارے درمیان رہا (یوحنا ۱:۱۴)۔ ظاہراً اُس میں کچھ حُسن و جمال نہیں تھا کہ ہم اُس کے مشتاق ہوں (یسعیاہ ۵۳:۲ب)، لیکن باطنی طور پر وہ نہایت خوبصورت تھا۔
اُس کے اُوپر چار مختلف قسم کے پردے تھے:
| سب سے نیچے:کڑھا ہوا باریک کتان | مسیح کی راست بازی اور خوبصورتی |
| اُس کے اوپر:بکریوں کی پشم | مسیح کا کفارہ۔ جو ہمارا برّہ بنا۔(احبار باب ۱۶) |
| اُس کے اُوپر:مینڈھیوں کی سرخ رنگی ہوئی کھالیں | سیح کی تخصیص (تخصیصی مینڈھا) (خروج ۲۹:۱۹۔۲۲) |
| سب سے اُوپر:تُخس کی کھالیں | یہ خیمۂ اِجتماع کو مختلف عناصر سےمحفوظ رکھتی تھیں۔ یہ مسیح کے اپنیکلیسیا کو ہر قسم کی خارجی بدی سےمحفوظ رکھنے کی علامت ہے۔ |
تختے
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ یہ فریم نما تھے نہ کہ ٹھوس تختے۔ بہرکیف یہ خدا میں ایمان داروں کے روح القدس کے وسیلے سے اتحاد کی تصویر ہے (اِفسیوں ۲:۲۲)۔ وہ کیکر کی لکڑی کے تھے اور اُن پر سونا منڈھا ہوا تھا، یہ ہماری اِنسانیت اور مسیح میں ہماری حیثیت کی علامت ہے۔ خدا ہمیں یسوع میں دیکھتا ہے۔ یہ تختے ۱۵ فٹ اُونچے تھے اور یہ سونے سے منڈھے ہوئے اُفقی بینڈے سے جڑے ہوئے تھے (خروج ۲۶:۲۶۔۲۸)۔ وسطی بینڈا تختوں کے بیچ میں سے ہو کر گزرتا تھا۔ غالباً یہ روح القدس کی علامت ہے۔ ہر ایک تختہ چاندی کے دو خانوں میں کھڑا کیا جاتا تھا۔ چاندی مخلصی کی علامت ہے (خروج ۳۰:۱۵، جہاں چاندی کی مثقال زرِ فدیہ تھا)۔ ایمان داروں کی بنیاد مسیح کے نجات بخش کام پر ہے (۱۔پطرس ۱:۱۸،۱۹)۔
پاک مقام
پاک مقام کے سامنے پردہ اِس بات کی علامت ہے کہ خدا کے ساتھ رفاقت کا ذریعہ صرف مسیح ہے (اِفسیوں۲:۱۸؛ ۳:۱۲)۔ پاک مقام میں کوئی کرسی نہیں تھی کیونکہ کاہن کا کام کبھی مکمل نہ ہوتا تھا۔ مسیح کے ایک ہی بار کام سے اِس کا موازنہ کریں (عبرانیوں ۱۰:۱۲)۔
نذر کی روٹیوں کی میز (۳۶ لمبی، ۱۸ چوڑی، ۲۷ اِنچ اُونچی شمالی طرف)
یہ میز کیکر کی لکڑی کی تھی اور اِس پر سونا منڈھا تھا۔ یہ ہمارے خداوند کی الوہیت اور اِنسانیت کی علامت تھی۔ میز پر بارہ روٹیاں رکھی تھیں۔ یہ خدا کے لوگوں کی علامت تھیں جب وہ خدا کے حضور مسیح کے ساتھ حاضر ہوتے ہیں۔ یہ روٹی سونے کے دو تاجوں کے درمیان ہوتی تھی جیسا کہ ہم تاج دار جلالی مسیح کی حفاظت میں ہیں۔
شمع دان (وزن ۷۵ پونڈ۔ اس کا کوئی حجم نہیں بتایا گیا۔ یہ جنوبی طرف میں تھا۔)
یہ سونے کا تھا۔ اُس کا ایک پایہ تھا اور اِس سے ایک ڈنڈی نکلتی تھی جس سے سات شاخیں نکلتی تھیں۔ ہر ایک شاخ پر شمع دان تھا۔ خیمۂ اِجتماع میں روشنی کا یہ واحد ذریعہ تھا۔ یہ جلالی مسیح کی خدمت میں روح القدس کی علامت ہو سکتا ہے (یوحنا ۱۶:۱۴) یا یہ اِس بات کی علامت ہے کہ آسمان میں مسیح ہی روشنی کا واحد ذریعہ ہو گا ( مکاشفہ ۲۱:۲۳)۔ وہی ہر طرح کی روحانی روشنی کا واحد ذریعہ ہے (یوحنا ۸:۱۲)۔ یہ شمع دان شام سے صبح تک جلتا رہتا تھا (خروج ۲۷:۲۱؛ ۱۔سموئیل ۳:۳)۔
عود سوز (۱۸ اِنچ مربع اور ۳۶ اِنچ اُونچا۔ یہ وسط میں پردے کے سامنے تھا۔)
یہ کیکر کی لکڑی کا تھا جس پر سونا منڈھا تھا۔ یہ مسیح کی اِنسانیت اور الوہیت کی علامت تھا۔ یہ اِس حقیقت کی تصویر ہے کہ جلالی مسیح اپنے لوگوں کی شفاعت کرتا ہے (عبرانیوں ۷:۲۴۔۲۶؛ مکاشفہ ۸:۳،۴)۔ عود اُس کی شخصیت اور کام کی خوشبو کو ظاہر کرتا ہے۔ آگ سوختنی قربانی کی قربان گاہ سے لائی جاتی۔ یہ مسیح کی خوشبو تھی جس نے خود کو بے عیب برّے کے طور پر خدا کے سامنے قربان کر دیا۔
لُبان، مُر اور مَصطگی اور لَون اور خالص لبان سب کو ملا کر ایک خوشبو تیار کی جاتی تھی __ یہ مسیح کی خوشبو ہے (اِفسیوں ۵:۲)۔
پاک ترین مقام
پاک ترین مقام کے سامنے پردہ مسیح کے جسم کی علامت تھا (عبرانیوں ۱۰:۱۹۔۲۲) جو کلوری پر موت کے وقت چھیدا گیا (لوقا ۲۳:۴۵)۔ پاک مقام میں صرف کاہن جا سکتے تھے اور پاک ترین مقام میں صرف سردار کاہن جا سکتا تھا اور وہ بھی سال میں صرف ایک بار، جب کہ ایمان دار کسی بھی وقت خداوند کی حضوری میں آ سکتے ہیں (عبرانیوں ۱۰:۱۹۔۲۲)۔
عہد کا صندوق (پونے چار فٹ لمبا، سوا دو فٹ چوڑا اور سوا دو فٹ اُونچا)
یہ کیکر کی لکڑی کا صندوق تھا جو سونے سے منڈھا ہوا تھا۔ یہ خدا کے تخت کی علامت تھا۔ اِس کے اَجزا پر غور و خوض کرنے کے دو طریقے ہیں، ایک جس کا محور اِنسان ہے اور وہ کسی حد تک منفی ہے اور دوسرا طریقہ جس کا محور مسیح ہے اور یہ کلی طور پر مثبت ہے۔
اوّل، اِس میں بغاوت کی تین یاد گاریں تھیں (مَن: خروج ۱۶:۲،۳؛ شریعت: خروج ۳۲:۱۹؛ ہارون کا عصا: گنتی ۱۷:۱۔۱۳)۔ یوں یہ مسیح کی علامت ہے جس نے ہماری بغاوت کی وجہ سے ہماری لعنت کو برداشت کیا ہے۔
من اِس بات کی علامت ہے کہ مسیح خدا کی روٹی ہے؛ شریعت خدا کی پاکیزگی کا اِظہار ہے، جسے مسیح نے ظاہر کیا ہے؛ ہارون کا عصا، جی اُٹھنے کے بعد مسیح خدا کی اپنی پسند کے مطابق کاہن ہے۔
سرپوش
سرپوش عہد کے صندوق کا ڈھکنا تھا۔ اِس کے اوپر دو کروبی تھے جو سونے کے بنے تھے، وہ خدا کے تخت اور اُس کی راست بازی کے محافظ تھے۔ وہ اُس خون کو دیکھ رہے تھے جو عہد کے صندوق کے سامنے اور سرپوش کے اُوپر چھڑکا جاتا تھا۔ مسیح کا خون، خدا کی راست بازی کو مطمئن کرتا ہے اور ہماری تمام بدکاریوں کو اُس کی نظر سے چھپا لیتا ہے۔ یوں عدالت کا تخت رحم کا تخت بن جاتا ہے۔ مسیح ہمارے لئے رحم کا تخت ہے (وہی لفظ جو کفارے کے لئے استعمال ہوتا ہے ۱۔یوحنا ۲:۲)۔ مسیح کی معرفت خدا اور گنہگار کے درمیان کی جدائی کی دیوار ڈھا دی گئی۔
جلالی بادل
جب خیمۂ اِجتماع مکمل ہو گیا تو خدا سرپوش پر جلالی بادل کی صورت میں ظاہر ہوا۔ اِسے ’’شکینہ‘‘ بھی کہا گیا۔ عبرانی زبان میں اِس کا مطلب ہے ’’سکونت کرنا۔‘‘ یہ اُس کے جلال کا دیدنی نشان تھا۔
مقدس کتاب
۱ پھر خُداوند نے موسیٰ سے کہا ۔
۲ دِیکھ مَیں نے بضلی ایل بِن اوری بِن حور کو یہوداہ کے قبیلہ میں سے نام لیکر بُلایا ہے ۔
۳ اور میَں نے اُسکو حکمت اور فہم اور عِلم اور ہر طرح کی صنعت میں رُوح الّہہ سے معمُور کیا ہے ـ
۴ تاکہ ہُنر مندی کے کاموں کو ایجاد کرے اور سونے اور چاندی اور پیتل کی چیزیں بنائے ـ
۵ اور پتھر کو جڑنے کے لئے کاٹے اور لکڑی کو تراشے جس سے سب طرح کی کاریگری کا کام ہو ۔
۶ اور دیکھ مَیں نے اہلیاب کو جو اخیسمک کا بیٹا اور دان کے قبیلہ میں سے ہے اُسکا سا تھی مُقرر کِیا ہے اور میں نے سب روشن ضمیروں کے دل میں اَیسی سمجھ رکّھی ہے کہ جن جن چیزوں کا میں نے تُجھ کو حُکم دیا ہے اُن سبھوں کو وہ بنا سکیں ۔
۷ یعنی خیمئہ اجتماع اور شہادت کا صندُوق اور سر پوش جو اُسکے اُوپر رہیگا اور خیمہ کا سب سامان ۔
۸ اور میز اور اُسکے ظرُوف اور خالِص سونے کا شمعدان اور اُسکے سب ظرُوف اور بخُور جلانے کی قربانگاہ ۔
۹ اور سوختنی قُربانی کی قربانگاہ اور اُسکے سب ظرُوف اور حَو ض اور اُسکی کُرسی ۔
۱۰ اور بیل بُو ٹے کڑھے ہُو ئے جامے اور ہارُون کاہن کے مُقدس لِباس اور اُسکے بیٹوں کے لِباس تاکہ کاہن کی خدِمت کو انجام دیں ۔
۱۱ اور مسح کرنے کا تیل اور مُقدس کے لئے خُوشبُو دار مصالحِ کا بخُور ۔ اِن سبھوں کو وہ جیسا مَیں نے تجھے حُکم دیا ہے ویسا ہی بنائیں ۔
۱۲ اور خُداوند نے موسیٰ سے کہا ۔
۱۳ تُو بنی اسرائیل سے یہ بھی کہہ دینا کہ تُم میرے سبتوں کو ضرور ماننا ۔ اِسلئے کہ یہ میرے اور تُمہارے درمیان تُمہاری پُشت در پُشت ایک نشان رہیگا تاکہ تُم جانوکہ مَیں خُداوند تُمہارا پاک کرنے والا ہوں ۔
۱۴ پس تُم سبت کو ماننا اِسلئے کہ وہ تُمہارے لئے مُقدس ہے ۔ جو کوئی اُسکی بے حُرمتی کرے وہ ضرور مار ڈالا جائے ۔ جو اُس میں کُچھ کام کرے وہ اپنی قُوم میں سے کاٹ ڈالا جا ئے ۔
۱۵ چھ دِن کام کاج کیا جائے لیکن ساتواں دِن آرام کا سبت ہے جو خُداوند کے لئے مُقدس ہے ۔جو کو ئی سبت کے دِن کام کر ے وہ ضرور مار ڈالا جائے۔
۱۶ پس بنی اسرائیل سبت کو مانیں اور پُشت در پُشت اُسے دائمی عہدجانکر اُسکا لحاظ رکھیں ّ ۔
۱۷ میرے اور بنی اسرائیل کے درمیان یہ ہمیشہ کے لئے ایک نشان رہیگا اِسلئے کہ چھ دِن میں خُداوند نے آسمان اور زمین کو پیدا کیا اور ساتویں دِن آرام کرکے تازہ دم ہُوا ۔
۱۸ اور جب خُداوند کوہِ سینا پر مُوسیٰ سے باتیں کر چُکا تو اُس نے اُسے شہادت کی دولَوحیں دیں ۔ وہ لَوحیں پتھر کی اور خُدا کے ہاتھ کی لکھی ہُوئی تھیں ۔