ج۔ ندب اور ابیہو کی طرف سے کہانتی خدمت کی بے حرمتی (باب ۱۰)
۱۰: ۱۔۳ ندب اور ابیہو نے خداوند کے حضور بخور دان میں اوپری آگ بھری، شاید یہ آگ پیتل کے مذبح پر سے نہ لی گئی۔ چونکہ قربان گاہ کلوری کی علامت ہے، لگتا ہے کہ اُنہوں نے مسیح کے نجات بخش کام کے علاوہ کسی اَور وسیلے سے خداوند کی حضوری میں جانے کی کوشش کی۔ پاک ترین مقام سے آگ نکلی اور جب وہ پاک مقام میں سنہری قربان گاہ کے پاس کھڑے تھے اُنہیں بھسم کر دیا۔ اِس پر موسیٰ نے ہارون کو آگاہ کیا کہ کسی قسم کی شکایت خدا کے راست باز سلوک کے خلاف بغاوت ہو گی۔
۱۰:۴۔۷ جب میسائیل اور الصفن مقدِس کے سامنے سے لاشوں کو لشکرگاہ کے باہر لے گئے تو موسیٰ نے ہارون اور اُس کے دیگر دو بیٹوں کو بتایا کہ وہ ماتم نہ کریں بلکہ خیمۂ اجتماع کے اندر رہیں جب کہ بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے خدا کے غضب کی بھسم کرنے والی آگ کے سبب سے ماتم کیا۔
۱۰:۸۔۱۱ چونکہ خیمۂ اجتماع میں مَے یا کوئی اَور نشہ آور شے پینا ممنوع تھی اِس لئے بعض لوگوں نے اخذ کیا ہے کہ شاید ندب اور ابیہو نے نشے کی حالت میں اوپری آگ جلائی تھی۔
۱۰:۱۲۔۱۸ موسیٰ نے ہارون اور اُس کے دیگر دو بیٹوں الیعزر اور اتمر کو حکم دیا کہ وہ نذر کی قربانی (آیات ۱۲،۱۳) اور ہلانے والی قربانی کا سینہ کھائیں (آیات ۱۴،۱۵)۔ جب موسیٰ نے خطا کی قربانی کے بکرے کو تلاش کیا جسے جماعت کے لئے خطا کی قربانی کے طور پر استعمال کیا گیا تھا، تو اُس نے دیکھا کہ ہارون کے بیٹوں الیعزر اور اتمر نے قربانی کے جانور کو پاک مقام میں کھانے کے بجائے جلا ڈالا (شاید وہ اُس غضب سے ڈرتے تھے جو حال ہی میں اُن کے بھائیوں پر نازل ہوا تھا)۔ قانون یہ تھا کہ اگر خطا کی قربانی کا خون پاک مقام میں لایا جاتا، تب قربانی کو جلایا جاتا تھا (۶:۳۰)۔ اگر ایسا نہ کیا جاتا تو اِسے کھایا جاتا تھا (۶:۲۶)۔ موسیٰ نے اُنہیں یاد دلایا کہ اِس قربانی کا خون پاک مقام کے اندر نہیں لایا گیا تھا، اِس لئے اُنہیں گوشت کھا لینا چاہئے تھا (آیات ۱۶۔۱۸)۔
۱۰:۱۹، ۲۰ موسیٰ کی ملامت کے جواب میں ہارون نے وضاحت کی کہ مطلوبہ تقاضے کے مطابق اُنہوں نے خطا کے لئے سوختنی قربانی کو گزرانا، لیکن ندب اور ابیہو کی سخت سزا کے پیشِ نظر وہ پریشان تھا کہ آیا خطا کی قربانی کو کھانا خداوند کو قبول ہو گا۔ موسیٰ نے اِس عذر کو تسلیم کیا۔ باب ۱۰ کہانت کے بارے میں احکامات سے اِختتام پذیر ہوتا ہے۔
مقدس کتاب
۱ اورندب اور ابہیو نے جو ہارون کے بیٹے تھے اپنے اپنے بخوردان کو لیکر ان میں آگ بھری اور اس پر اور اوپری آگ جسکا حکم خداوند نے انکو نہیں دیا تھا خداوند کے حضور گذرانی۔
۲ اور خداوند کے حضور سے آگ نکلی اور ان دونوں کو کھاگئی اور وہ خداوند کے حضور کے حضور مرگئے۔
۳ تب موسی نے ہارون سے کہا یہ وہی بات ہے جو خداوند نے کہی تھی کہ جو میرے نزدیک آئیں ضرور ہے کہ وہ مجھے مقدس جانیں اور سب لوگوں کے آگے میری تمجید کریں اور ہارون چپ رہا۔
۴ پھر موسی نے میسائیل اور الصفن کو جو ہارون کے چچا عزی ایل کے بیٹے تھے بلا کر ان سے کہا نزدیک آؤ اور اپنے بھایئوں کو مقدس کے سامنے سے اٹھا کر لشکرگاہ کے باہر لے جاؤ۔
۵ پس وہ نزدیک گئے اور انہیںانکے کرتوں سمیت اٹھا کرموسی کے حکم کے مطابق لشکر گاہ کے باہر لے گئے۔
۶ اور موسی نے ہارون اور اسکے بیٹوں الیعزاور اتمر سے کہا کہ نہ تمہارے سر کے بال بکھرنے پائیں اور نہ تم اپنے کپڑے پھاڑنا تاکہ نہ تم ہی مرد اور نہ ساری جماععت پر اسکا غضب نازل ہو اسرائیل کے سب گھرانے کے لوگ جو تمہارے بھائی ہیں اس آگ پر جو خداوند نے لگائی ہے نوحہ کریں۔
۷ اور تم خیمہ اجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا تا ایسا نہ ہو کہ تم مرجاؤ کیونکہ خداوند کا مسح کرنے کا تیل تم پر لگا ہوا ہے۔ سو انہوں نے موسی کسے کہنے کےمطابق عمل کیا۔
۸ اور خداوند نے ہارون سے کہا کہ ۔
۹ تو یا تیرے بیٹے مے یا شراب پیکر کبھی خیمہ اجتماع کے اندر داخل نہ ہوتا تاکہ تم مر نہ جاؤ۔یہ تمہارے لئے نسل درنسل ہمیشہ تک ایک قانون رہیگا۔
۱۰ تاکہ تم مقدس اور عام اشیا میں اور پاک اور ناپاک میں تمیز کرسکو۔
۱۱ اور بنی اسرائیل کو وہ سب آئین سکھا سکو جو خداوند نے موسی کی معرفت انکو فرمائے ہیں۔
۱۲ پھر موسی ہارون اور اسکے بیٹوں الیعزر اور اتمر سے جوباقی رہ گئے تھے کہا کہ خداوند کی آتشین قربانیوں میں سے جونذر کی قربانی بچ رہی ہے اسے لے لو اور بغیر خمیر کے اسکو مذبح کے پاس کھاؤ کیونکہ یہ نہایت مقدس ہے۔
۱۳ اور تم اسے کسی پاک جگہ میں کھانا۔اسلئے کہ خداوند کی آتشین قربانیوں میں سے تیرا اور تیرے بیٹوں کا یہ حق ہے کیونکہ مجھے ایسا ہی حکم ملا ہے۔
۱۴ اور ہلانے کی قربانی کے سینہ کو اور اٹھانے کی قربانی کی ران کو تم لوگ یعنی تہیرے ساتھ تیرے بیٹے اور بیٹیاں بھی کسی صاف جگہ میں کھانا کیونکہ بنی اسرائیل کے سلامتی کے ذبیحوں میں سے یہ تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہے جو دیا گیا ہے۔
۱۵ اور اٹھانے کی قربانی کی ران اور ہلانے کی قربانی کا سینہ جسے وہ چربی کی آتشین قربانیوں کے ساتھ لائینگے تاکہ وہ خدوند کے حضور ہلانے کی قربانی کے طور پر ہلائے جائیں۔ یہ دونوں ہمیشہ کے لئے خداوند کے حکم کے مطابق تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہو گا۔
۱۶ پھر موسی نے خطا کی قربانی کے بکرے کو جو بہت تلاش کیا تو کیا دیکھتا ہے کہ وہ جل چکا ہے۔ تب وہ ہارون کے بیٹوں الیعزر اور اتمر پر جو بچ رہے تھے ناراض ہوا اور کہنے لگا کہ۔
۱۷ خطا کی قربانی جو نہایت مقدس ہے اور جسے خداوند نے تم کو اسلئے دیا ہے کہ تم جماعت کے گناہ کو اپنے اوپر اٹھا کر خداوند کے حضور انکے لئے کفارہدو تم نے اسکا گوشت مقدس میں کیوں نہ کھایا؟۔
۱۸ دیکھو!اسکا خون مقدس میں تو لایا ہی نہیں گیا تھا۔ پس تمکو لازم تھا کہ میرے حکم کے مطابق تم اسے مقدس میں کھالیتے۔
۱۹ تب ہارون نے موسی سے کہا دیکھ! آج ہی انہوں نے اپنی خطا کی قربانی اور اپنی سوختنی قربانی خداوند کے حضور گذرانی اور مجھ پر ایسے ایسے حادثے گذر گئےپس اگر میں آج خطا کی قربانی کا گوشت کھاتا تو کیا یہ بات خداوند کی نظرمیں بھلی ہوتی۔
۲۰ جب موسی نے یہ سنا اسے پسند آیا۔