قضاة ۱۲

(‏۴)‏ اِفتاح افرائیمیوں کو قتل کرتا ہے (‏۱۲:‏ ۱۔۷)‏

۱۲:‏ ۱۔۴ افرائیم کے لوگ‏، اِفتاح کی فتح سے حسد کرتے تھے۔ اُنہوں نے شکایت کی کہ اُنہیں اِس جنگ میں شرکت کرنے کی اِجازت کیوں نہیں دی گئی۔ افتاح نے اُنہیں یاد دلایا کہ اُس نے اُن سے مدد کے لئے کہا تھا‏، لیکن اُنہوں نے مدد کرنے سے اِنکار کر دیا تھا۔ (‏افرائیمی پریشانیاں پیدا کرنے والے لوگ تھے‏، جب جدعون نے مدیانیوں کو شکست دی تھی تو اُس کے ساتھ بھی جھگڑا کرنے کی کوشش کی (‏باب ۸)‏ اور اب افتاح کے ساتھ بھی بلاوجہ جھگڑنے لگے)‏۔

۱۲:‏ ۵‏،۶ اِفتاح اور اُس کے لوگوں نے اِفرائیمیوں پر حملہ کیا اور یردن کے گھاٹوں پر قبضہ کر کے اُن کے بچ نکلنے کے راستے بند کر دیئے۔ کسی شخص کو یردن عبور کرنے کی اِجازت دینے سے پہلے مجبور کیا جاتا کہ وہ ’’ شِبلُّت‘‘ کا لفظ کہے (‏لغوی مطلب بہتی ندیا)‏۔ افرائیمی اِس لفظ کا صحیح تلفظ ادا نہیں کر سکتے تھے۔ اور وہ ’’سِبُّلت‘‘ کہنے سے پہچانے جاتے۔ اِفتاح نے یردن پر افرائیم کے چالیس ہزار افراد کو قتل کیا‏، یہ اپنے ہم وطنوں کا خوف ناک قتلِ عام تھا۔ 

خدا کے لوگوں کا آپس میں جھگڑنا کس قدر افسوس ناک بات ہے۔ افرائیمیوں کا خون اَب عمونیوں کے خون سے مل چکا تھا۔ کیسی عجیب بات ہے کہ قضاۃ میں اچھے موقعوں پر بھی مصیبت آ دھمکتی ہے۔ رِڈآؤٹ (‏Ridout)‏ اپنے افسوس ناک مشاہدے کا اِن الفاظ میں ذکر کرتا ہے:‏

’’کیا یہ حقیقت نہیں کہ جنہوں نے بدعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا وہی لوگ بعد میں اپنے بھائیوں کے پیٹ میں چھرے گھونپ رہے ہیں اور اُن باتوں پر جھگڑتے ہیں جو حقیقتاً بنیادی اہمیت کی حامل نہیں۔‘‘ 

۱۲:‏ ۷ اِفتاح نے قاضی کی حیثیت سے چھے سال تک خدمت کی۔ تب اُس نے وفات پائی اور جلعاد میں دفن ہوا۔ عبرانیوں ۱۱:‏ ۳۲ میں افتاح کا جدعون‏، برق اور سمسون کے ساتھ ذکر ہوا ہے۔اِن تمام لوگوں میں کمزوریاں تھیں‏، لیکن اُنہوں نے کسی نہ کسی وقت اپنے عظیم ایمان کا اظہار کیا۔ 

ط۔ ابصان‏، ایلون‏، عبدون (‏۱۲:‏ ۸۔۱۵)‏

۱۲:‏ ۸۔۱۰ ابصان سات سال تک قاضی رہا۔ اِس کے بارے میں ہم صرف یہ جانتے ہیں کہ وہ بیت لحم کا رہنے والا تھا اور اُس کے تیس بیٹے تھے جن کے لئے اُس نے دیگر قبائل سے بیویاں لیں۔ 

۱۲:‏ ۱۱۔۱۲ ایلون کا تعلق زبولون کے قبیلے سے تھا۔ وہ دس سال تک قاضی رہا‏، اور اُسے عجلون میں دفن کیا گیا۔ 

۱۲:‏ ۱۳۔۱۵ ہِلیل کے بیٹے عبدون کا تعلق فرعاتون شہر سے تھا‏، جو عمالیقیوں کے کوہستانی علاقے‏، افرائیمیوں کی سرزمین میں ہے۔ وہ آٹھ سال تک قاضی رہا۔ اُس کے چالیس بیٹوں اور تیس پوتوں کا خصوصی ذکر کیا گیا ہے۔ 

مقدس کتاب

۱ تب افرائیم کے لوگ جمع ہو کر شمال کی طرف گئے اور افتاح سے کہنے لگے کہ جب تو بنی عمون سے جنگ کرنے کو گیا توہم کو ساتھ چلنے کیوں نہ بلوایا ؟سو ہم تیرے گھر کو تجھ سمیت جلائیں گے ۔
۲ افتاح نے ا ن کو جواب دیا کہ میرا اور میرے لوگوں کا بڑا جھگڑا بنی عمون کے ساتھ ہو رہا تھا اور جب میں نے تم کو بلوایا تو تم نے ان کے ہاتھ سے مجھے نہ بچایا۔
۳ اور جب میں نے یہ دیکھا کہ تم مجھے نہیں بچاتے تو نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھی اور بنی عمون کے مقابلہ کو چلا اور خداوند نے ان کو میرے ہاتھ میں کر دیا ۔پس تم آج کے دن مجھ سے لڑنے کو میرے پا س کیوں چلے آئے ؟
۴ تب افتاح سب جلعادیوں کو جمع کرکے افرائیمیوں سے لڑا ۔اور جلعادیوں نے افرائیمیوں کو مار لیا کیونکہ وہ کہتے تھے کہ تم جلعادی افرائیم ہی کے بھگوڑے ہو جو افرائیمیوں اور منسیوں کے درمیان رہتے ہو ۔
۵ اور جلعادیوں نے افرائیمیوں کا راستی روکنے کے لئے یردن کے گھاٹوں کو اپنے قبضہ میں کر لیا اور جو بھاگا ہو ئے افرائیمی کہتا کہ مجھے پار جانے دو تو جلعادی اس سے کہتے کہ کیا تو افرائیمی ہے ؟اگر وہ جواب دیتا نہیں ۔
۶ تو وہ اس سے کہتے کہ شبُلت تو بول تو وہ سبُلت کہتا کیونکہ اس سے اس کا صحیح تلفظ نہیں ہو سکتا تھا ۔تب وہ اسے پکڑ کر یردن کے گھاٹوں پر قتل کر دیتے تھے ۔سو اس وقت بیالیس ہزار افرائیمی قتل ہوئے ۔
۷ اور افتاح چھ برس تک ببنی اسرائیل کا قاضی رہا ۔پھر جلعادی افتاح نے وفات پائی اور جلعاد کے شہرں میں سے ایک میں دفن ہو ا ۔
۸ اس کے بعد بیت لحمی ابصان اسرائیلیوں کا قاضی ہوا ۔
۹ اس کے تیس بیٹے تھے اور تیس بیٹیا ں اس نے باہر بیاہ دیں اور باہر سے اپنے بیٹوں کے لئے تیس بیٹیاں لے آیا ۔وہ سات برس تک اسرائیلیوں کا قاضی رہا ۔
۱۰ اور ابصان مر گےا اور بیت لحم میں دفن ہوا ۔
۱۱ اور اس کے بعد زبولون ایلون اسرائیل کا قاضی ہوا اور وہ دس برس اسرائیل کا قاضی رہا ۔
۱۲ اور زبولونی ایلون مر گیا اور ایالون میں جو زبولون کے ملک میں ہے دفن ہوا ۔
۱۳ اس کے بعد فرعا تونی ہلیل کا بیٹا عبدون اسرائیل کا قاضی ہوا ۔
۱۴ اور اس کے چالیس بیٹے اور تیس پوتے تھے جو ستر جوان گدھوں پر سوار ہوتے تھےاور وہ آٹھ برس اسرائیلیوں کا قاضی رہا ۔
۱۵ اور فرعاتونی ہلیل کا بیٹا عبدونی مر گیا اور عمالیقیوں کے کوہستانی علاقہ میں فرعاتون میں جو افرائیم کے ملک میں ہے دفن ہوا ۔