ح۔ چار رتھ (۶: ۱۔۸)
مفہوم: خدا کے رتھوں کا دُنیا کی گشت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ اِسرائیل کے دشمن مغلوب ہو گئے ہیں۔
۶: ۱۔۴ اِس کے بعد زکریاہ نے دیکھا کہ دو پہاڑوں کے درمیان سے چار رتھ نکلے ہیں۔ وہ پہاڑ پیتل کے تھے۔ اِن رتھوں کے گھوڑوں کے رنگ سرنگ، مُشکی، نقرہ اور ابلق (چتکبرے) تھے۔ سارے گھوڑے نہایت مضبوط اور طاقتور تھے۔
۶: ۵۔۷ ترجمان فرشتہ بتاتا ہے کہ چاروں رتھ اور اُن کے گھوڑے آسمان کی چار ہوائیں ہیں (یاد رکھیں کہ عبرانی کے جس لفظ کا ترجمہ ’’ہوا‘‘ کیا گیا ہے اُس کا مطلب دَم اور روح بھی ہے)۔ یہ خدا کے آلۂ کار ہیں تاکہ غیر یہودی دُنیا کو مغلوب کر کے مسیح کے تابع کریں۔ ’’مشکی (کالے) گھوڑوں والا رتھ شمالی مُلک کو … اور ابلق گھوڑوں والا رتھ جنوبی ملک‘‘ کو چلا جاتا ہے۔ یہ دونوں اطراف (شمال اور جنوب)۔ نبوتی صحائف میں عام طور سے اِسرائیل کے دشمنوں سے نسبت رکھتے ہیں (مثلاً شاہِ شمال اور شاہِ جنوب) نقرہ (سفید) گھوڑوں والا رتھ بھی مشکی گھوڑوں والے رتھ کے پیچھے (یعنی شمال) کو گیا۔ اور معلوم ہوتا ہے کہ سرنگ (سرخ) گھوڑوں والا اُن علاقوں میں گشت کرتا ہے جن کی نشان دہی نہیں کی گئی۔
۶: ۸ ترجمان فرشتے نے بتایا کہ جو (رتھ اور گھوڑے) شمالی ملک کو گئے ہیں اُنہوں نے وہاں میرا جی ٹھنڈا کیا ہے۔ اِس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ شمالی ملک (بابل) کا لشکر جو اِسرائیل کے ملک کے لئے مستقل خطرہ تھا، نیست ہو گیا ہے۔ رویا کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ ظاہر کرتی ہوئی معلوم ہوتی ہے کہ خداوند کے قاصدوں (فرشتوں) نے اِسرائیل کے دشمنوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ ہم پھر کہتے ہیں کہ یہ واقعہ زمین پر مسیح کی بادشاہی کے قیام سے پہلے رُونما ہو گا۔
۳۔ یشوع کی بحیثیت سردار کاہن تاج پوشی (۶: ۹۔۱۵)
مفہوم: یہ تصویر کہ مسیح بحیثیت بادشاہ اور سردار کاہن آئے گا۔ یہ کلیسیا اور مملکت کا مثالی میل ہو گا۔
۶: ۹۔۱۳ اب قہر و غضب کے رُویا ختم ہو گئے ہیں اور ایک نہایت ہی علامتی عمل وقوع پذیر ہوتا ہے۔ خلدی، طوبیاہ اور یدعیاہ تین شخص ہیں جو جلاوطنی سے واپس آ کر یوسیاہ کے گھر میں قیام پذیر ہیں۔ زکریاہ کو حکم ہوتا ہے کہ وہ اُن کے پاس جا کر ’’سونا اور چاندی‘‘ لے اور ایک نفیس اور خوبصورت تاج بنا کر ’’یشوع … سردار کاہن‘‘ کو پہنائے۔ عام طور سے تاج کاہن کے لئے نہیں بلکہ حکمران کے لئے بنایا جاتا ہے۔ لیکن یہ عمل مسیح کے بادشاہ اور کاہن کی حیثیت سے آنے کی نشان دہی کرتا ہے۔ آیت ۱۲ میں اُسے شاخ کہا گیا جو ہزار سالہ دَور کی ہیکل کو بنائے گا، شاہی عزت و تعظیم کا حامل ہو گا اور تخت نشین ہو کر حکومت کرے گا۔ ڈیوڈ بیرن (David Baron) توجہ دلاتا ہے کہ:
’’یقیناًیہ بات مسیحِ موعود کی شاہی کہانت سے بالکل مطابقت رکھتی ہے کہ یہاں ہیکل کے لئے عبرانی کا جو لفظ استعمال ہوا ہے وہ محل اور مقدس دونوں معانی رکھتا ہے۔ بادشاہ کی حیثیت سے وہ اپنے محل میں اور کاہن کی حیثیت سے وہ اپنے مقدِس میں داخل ہوا ہے۔‘‘
دونوں میں صلح اور سلامتی کی مشورت ہو گی۔ مراد ہے کہ بادشاہ اور کاہن (ایک ہی شخص) کے درمیان صلح اور سلامتی موجود ہو گی۔
۶: ۱۴ تاج بطور یاد گار ہیکل میں رکھا جائے گا۔ حیلم اور خلدی ایک ہی شخص ہے۔ اور حین اور یوسیاہ بھی ایک ہی شخص ہے۔
۶: ۱۵ پراگندہ اِسرائیل کی بحالی اور مسیحِ موعود کے وعدے کی تکمیل کو لوگوں کے سامنے رکھا گیا ہے تاکہ فرماں برداری کے لئے اُن کی حوصلہ افزائی ہو۔
مقدس کتاب
۱ تب میں نے پھر آنکھ اُٹھا کر نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دو پہاڑوں کے درمیان سے چاررتھ نکلے اور وہ پہاڑ پیتل کے تھے ۔
۲ پہلے رےھ کے گھوڑے سُرنگ ۔ دُوسرے کے مُشکی ۔
۳ تیسرے کے نُقرہ اور چوتھے کے ابلق تھے۔
۴ تب میں نے اُس فرشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا اے میرے آقا یہ کیا ہیں؟۔
۵ اور فرشتہ نے مُجھے جواب دیا یہ آسمان کی چار ہوائیں ہیں جو رب العالمین کے حضور سے نکلی ہیں۔
۶ اور مُشکی گھوڑوں والارتھ شمالی مُلک کو نکلا چلا جاتا ہے اورنُقرہ گھوڑوں والا اُس کے پیچھے اور ابلق گھوڑوں والا جُنوبی مُلک کو۔
۷ اور سُرنگ گھوڑوں والا بھی نکلا اور اُنہوں نے چاہا کہ دنیا کی سیر کریں اور اُس نے اُن سے کہا جاو دُنیا کی سیر کرو اور اُنہوں نے دُنیا کی سیر کی۔
۸ تُب اُس نے بُلند آوازسے مُجھ سے کہا دیکھ جو شمالی مُلک کو گئے ہیں اُنہوں نے وہاں میرا جی ٹھنڈا کیا ۔
۹ پھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازل ہوا۔
۱۰ کہ تُو آج ہی خلدی اور طُوبیاہ اور یدعیاہ کے پاس جا جو بابل کے اسیروں کی طرف سے آ کر یُوسیاہ بن صفنیاہ کے گھر میں اُترےہیں۔
۱۱ اور اُن سے سونا چاندی لے کر تاج بنا اور یشوع بن یہُوصدق سردار کاہن کو پہنا۔
۱۲ اور اُس سے کہہ کہ کہ ربُ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ وہ شخص جس کا نام شاخ ہے اُس کے زیر سایہ خُوش حالی ہو گئی اور وہ خُداوند کی ہیکل کو تعمیر کرے گا۔
۱۳ ہاں وُہی خُداوند کی ہیکل کو بناے گا اور وہ صاحب شُوکت ہو گا اور تخت نشین ہو کر حکومت کرے گا اور اُس کے ساتھ کاہن بھی تخت نشین ہو گا اور دونوں میں صُلح و سلامتی کی مشورت ہو گی۔
۱۴ اور یہ تاج حیلم اور طُور بیاہ اور یدعیاہ اور حین بن صفنیاہ کے لے خُداوند کی ہیکل میں یاد گار ہو گا۔
۱۵ اور وہ جو دُور ہیں آ کر خُداوند کی ہیکل کو تعمیر کریں گے۔ تب تُم جانو گے کہ رب الافواج نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور اگر تُم دل سے خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری کرو گے تو یہ باتیں پُوری ہوں گی۔