زکریاہ ۵

و۔ اُڑتا ہوا طومار (‏۵:‏ ۱۔۴)‏

مفہوم:‏ ملک میں چوری اور قسم کھانے کے بعد جھوٹ بولنے (‏جھوٹی گواہی دینے)‏ پر خدا کی لعنت کا اعلان کیا جاتا ہے۔

۵:‏ ۱‏، ۲ اُڑتے ہوئے طومار کا رُویا ملکی نظم و نسق اور عدالتی نظام کے بارے میں تین رُویاؤں کے سلسلے کا پہلا رُویا ہے۔ یہ طومار تیس فٹ لمبا اور پندرہ فٹ چوڑا تھا۔ یہ وہی سائز ہے جو سلیمان کی ہیکل کی ڈیوڑھی کا تھا۔ 

۵:‏ ۳‏،۴ اُس نے ہر ایک چور اور (‏ہر ایک)‏ جھوٹی قسم کھانے والے پر لعنت کا اعلان کیا۔ اِس لعنت کے مطابق ہر چور اور ہر جھوٹی قسم کھانے والے کا گھر اپنی لکڑی اور پتھر دونوں سمیت برباد ہو گا۔ اِس رُویا میں شاید اُن آفتوں کا اِشارہ ہے جو مسیح کی بادشاہی قائم ہونے سے پہلے ساری دُنیا پر نازل ہوں گی۔ اِنسان کے خلاف گناہ (‏چوری)‏ اور خدا کے خلاف گناہ (‏جھوٹی قسم)‏ کا تصفیہ اُس وقت ہو گا (‏یہ شریعت کی دو لوحوں کے نمائندے بھی ہو سکتے ہیں)‏۔ 

ز۔ ایفہ میں بیٹھی عورت (‏۵:‏ ۵۔۱۱)‏

مفہوم:‏ بت پرستی اور زر دوست دین داری ملک سے نکال کر اپنے قدیم اور بنیادی وطن بابل میں پہنچائی جائیں گے۔ 

ساتویں رُویا میں ایک عورت دِکھائی گئی ہے جو ایفہ میں بیٹھی ہے۔ ایفہ کاروبار یا تجارت میں ناپنے کے لئے استعمال ہونے والا سب سے بڑا پیمانہ تھا۔ عورت سراپا شرارت (‏گناہ)‏ کی تصویر ہے۔ سارے ملک میں ایفہ کے اوپر سیسے کا سرپوش (‏ڈھکن)‏ رکھا جاتا تھا۔ اِس کا مطلب ہے کہ شرارت پر پابندی یا روک تھی۔ لیکن دو اَور عورتیں ایفہ کو لے کر سنعار (‏بابل)‏ کے ملک کو اُڑ گئیں۔ اِس کا مطلب یہ معلوم ہوتا ہے کہ بت پرستی اور زر دوستی کے مذہب کو اِسرائیل سے نکال کر اِس کے اصل اڈے بابل میں پہنچا دیا گیا جہاں سے یہ شروع ہوا تھا۔ بے شک یہ عمل بابل کی عدالت کے لئے اور مسیح کی بادشاہی کے قیام کے لئے تیاری کی حیثیت رکھتا ہے (‏آیت ۱۱ میں گھر کا مطلب ہے بت پرستی کا مندر)‏۔ بابل کی اسیری کے بعد اِسرائیل بت پرستی سے پاک کیا گیا‏، لیکن وہ بت پرستی کی ایک بدتر شکل کو اِختیار کر لے گا یعنی مخالفِ مسیح کو خدا مان کر اُس کی پرستش کرنے لگے گا۔ 

مقدس کتاب

۱ پھر میں نے آنکھ اُٹھا کر نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک اُڑتا ہُوا طُور مار ہے۔
۲ اُس نے مُجھ سے پوچھا تُو کیا دیکھتا ہے؟ میں نے جواب دیا ایک اُڑتا ہُوا طُومار دیکھتا ہُوں جس کی لمبائی بیس ہاتھ اور چوڑائی دس ہاتھ ہے۔
۳ پھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ وہ لعنت ہے جو تمام مُلک پر نازل ہونے کو ہے اور اس کے مطابق ہر ایک چور اور جُھوٹی قسم کھانے والا یہاں سے کاٹ ڈالا جاے گا۔
۴ ربُ الافواج فرماتا ہے میں اُسے بھیجتا ہُوں اور وہ چور کے گھر میں اور اُس کے گھر میں جو میرے نام کی جُھوٹی قسم کھاتا ہے گُھسے گا اور اُس کے گھر میں رہے گا اور اُسے اُس کی لکڑی اور پتھر سمیت برباد کرے گا۔
۵ اور وہ فرشتہ مُجھ سے کلام کرتا تھا نکلا اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ اب تُو آنکھ اُٹھا کر دیکھ کیا نکل رہا ہے۔
۶ میں نے پوچھا یہ کیا ہے؟ اُس نے جواب دیا یہ ایک ایفہ نکل رہا ہے اور اُس نے کہا کہ تمام ملک میں یہی اُن کی شبہیہ ہے۔
۷ اور سیسے کا ایک گول سر پوش اُٹھایا گیا اور ایک عورت ایفہ میں بیٹھی نظر آئی۔
۸ اور اُس نے کہا یہ ایک شرارت ہے اور اُس نے اُس کوایفہ میں نیچے دبا کر سیسے کے اُس سر پوش کو ایفہ کے نُبہ پر رکھ دیا۔
۹ پھر میں نے آنکھ اُٹھا کر نگاہ کی اور کیا دیکھتا ہوں کہ دو عورتیں نکل آئیں اور ہُوا اُن کے بازووں میں بھری تھی کیونکہ اُن کے لقلق کے سے بازُو تھے اور وہ ایفہ کو آسمان و زمین کے درمیان اُٹھالے گیئں۔
۱۰ تب میں نے اُس فرشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا کہ یہ ایفہ کو کہاں لے جاتی ہیں؟۔
۱۱ اُس نےمُجھے جواب دیا سنعار کے مُلک کو تاکہ اس کے لے گھر بنائیں اور جب وہ تیار ہو تو یہ اپنی جگہ میں رکھی جائے۔