تفسیراُلکتاب تعارف

پریمپورن

 

تفسیراُلکتاب


کلامِ الٰہی کی عام فہم اور آیت بہ آیت تشریح


پیدائش __ اِستثنا

از

وِلیم میکڈونلڈ

مترجم

بِشپ سموئیل ڈی۔ چند

ناشرین

مسیحی اشاعت خانہ

۳۶ فیروز پور روڈ‏، لاہور

مصنف کا دیباچہ

تفسیر الکتاب کا مقصد ایک عام مسیحی کو پرانے عہدنامے کے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا ہے۔ 

تفسیر الکتاب کا یہ بھی مقصد ہے کہ اِن نظرانداز کی ہوئی کتابوں کے ذوق و شوق کے لئے ایسی تحریک پیدا کی جائے کہ ایماندار اِن لازوال خزانوں کے لئے چھان بین کر سکے۔ گو علمائے کرام اپنی روحوں کی تقویت کے لئے ضرور مواد حاصل کر لیں گے‏، لیکن وہ یہ سوچنے پر حق بجانب ہوں گے کہ یہ کتاب بنیادی طور پر علما کے لئے نہیں بلکہ عام لوگوں کے لئے لکھی گئی ہے۔ 

متن کی تشریح کے ساتھ ساتھ موقع محل کی مناسبت سے روحانی حقائق کے عملی اطلاق اور تمثیلی علامات کے مطالعہ کا بھی اضافہ کیا گیا۔ نجات دہندہ کی آمد سے متعلق حوالہ جات کو نمایاں مقام دیتے ہوئے اُن کی تفصیلی تشریح کی گئی ہے۔ 

ہم نے متن سے متعلق مسائل کا حل پیش کرنے کی کوشش ہے ‏، اور جہاں ممکن ہوا متبادل تشریحات بھی پیش کی گئی ہیں۔ پاک کلام کے کئی حصے مفسرین کے لئے مایوسی کا باعث ہیں۔ اِن پر غور کرتے ہوئے ہمیں اِس بات کا احساس ہوتا ہے کہ ابھی ’’ہم کو آئینے میں دُھندلا سا دکھائی دیتا ہے۔‘‘

خدا کا کلام ہر تفسیر سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ خدا کے پاک روح سے منور ہے۔ اِس کے بغیر کوئی زندگی ‏، ترقی‏، پاکیزگی یا معقول عبادت نہیں ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اِسے پڑھیں‏، اِس کا گہرا مطالعہ کریں‏، اِس پر گیان دھیان کریں اور اِس پر عمل بھی کریں۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ ’’روحانی علم کا وسیلہ فرماں برداری ہے۔‘‘ 

اِس کتاب کا طریقۂ استعمال

ہم ذیل میں اِس کتاب کے استعمال کے چند ایک مفید طریقے درج کرتے ہیں:‏ 

متفرق حصوں کا مطالعہ کرنا۔ اگر آپ بائبل کو پسند کرتے اور اِس سے محبت رکھتے ہیں تو آپ اِس تفسیر کی ورق گردانی سے لطف اندوز ہوں گے۔ اور کہیں کہیں سے اِس کا مطالعہ کرنے سے پوری کتاب کے مزاج سے واقفیت حاصل کریں گے۔ 

خصوصی پارے۔ ممکن ہے کہ کسی آیت یا پارے کے بارے میں آپ کے ذہن میں کوئی سوال ہو جس کے لئے آپ کو مدد کی ضرورت ہے۔ متن میں موزوں جگہ پر تلاش کیجئے‏، یقیناًآپ کو اچھا مواد مل جائے گا۔

موضوعات۔ اگر آپ تخلیق‏، سبت‏، عہد یا نجات وغیرہ کے موضوع پر مطالعہ کر رہے ہیں تواُن پاروں کو دیکھئے جن کا اِن مضامین سے تعلق ہے۔ فہرست مضامین میں اِن موضوعات پر کئی مقالہ جات کی فہرست دی گئی ہے۔ اِس فہرست کے علاوہ مرکزی پاروں کی راہنمائی کے لئے کلیدی الفاظ ’’کلید الکتاب‘‘ کی مدد سے تلاش کریں۔ 

بائبل کی کتاب۔ شاید آپ کی کلیسیا یا بائبل سٹڈی گروپ پرانے عہد نامے کی کسی کتاب کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ اگر آپ مطالعہ کے لئے مطلوبہ پارے کا پہلے سے مطالعہ کر لیں تو اِس پر بحث کی خاطر اپنے سامعین کو دینے کے لئے آپ کے پاس کافی مواد ہو گا۔ 

پوری کتاب۔ ہر ایک مسیحی کو پوری بائبل کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ ساری بائبل میں متن کے مشکل حصے بھی ہیں اور تفسیر الکتاب ایسی محتاط اور راسخ الاعتقاد تصنیف آپ کے مطالعہ بائبل میں آپ کی بہت زیادہ معاونت کرے گی۔ 

ہو سکتا ہے کہ شروع میں بائبل کا مطالعہ کچھ خشک ہو۔ جب آپ اِس کا آغاز کرتے ہیں تو یہ گندم کے دانوں کی طرح بکھری ہوئی ہے‏، لیکن آپ رفتہ رفتہ محنت کرتے ہیں تو یہ پکی ہوئی روٹی کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ 

پچاس سال قبل مسٹر میکڈونلڈ نے مجھے نصیحت کی تھی کہ ’’تفسیروں کو حقارت کی نگاہ سے نہ دیکھئے۔‘‘ مفسر موصوف کی پرانے اور نئے عہدنامے پر تفسیر الکتاب کا مطالعہ کرتے اور اِسے ترتیب دیتے ہوئے میری مزید نصیحت یہ ہے کہ اِن سے ’’لطف اندوز ہوں۔‘‘